Time 10 مئی ، 2020
سائنس و ٹیکنالوجی

گوگل اور فیس بک کی سال کے آخر تک ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت

فوٹو: فائل

عالمگیر وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لاک ڈاؤن کی وجہ سے تمام تر تعلیمی ادارے اور دفاتر بند ہیں اور  اس سلسلے میں تمام کام آن لائن گھر بیٹھے ہی کیا جا رہا ہے۔

وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر مقبول ترین ٹیکنالوجی کمپنیوں کی جانب سے اپنے ملازمین کو گھر بیٹھے کام کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں تھیں۔

اب موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے معروف کمپنی گوگل اور فیس بک نے اپنے ملازمین کو سال کے آخر تک گھروں سے ہی کام کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی وبا کے پیش نظر گوگل نے شروعات میں اپنے ملازمین کے لیے گھر سے کام کرنے کی پالیسی کو یکم جون تک جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا مگر اب موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے کمپنی نے اس پالیسی میں مزید 7 ماہ کا اضافہ کر دیا ہے۔

دوسری جانب فیس بک نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے بند دفاتر 6 جولائی سے کھولے گا لیکن ایسے ملازمین جو گھروں سے کام کر سکتے ہیں وہ سال کے آخر تک گھروں سے ہی کام کریں گے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس کی صورتحال

دنیا بھرمیں کورونا سے ہلاک افراد کی تعداد 2 لاکھ 76 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 40 لاکھ 29 ہزار سے  زائد ہے۔

مزید خبریں :