Time 10 مئی ، 2020
پاکستان

کورونا وائرس پارلیمنٹ کی راہداریوں میں بھی پہنچ گیا: ڈپٹی چیئرمین سینیٹ

پیر کو قومی اسمبلی اور منگل کو سینیٹ کا اجلاس طلب کیا گیا ہے جہاں کورونا صورتحال پر بحث کی جائے گی— فوٹو:فائل 

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ کورونا وائرس پارلیمنٹ کی راہداریوں میں بھی پہنچ گیا ہے جبکہ ارکان پارلیمنٹ اور عملے میں کورونا کی تشخیص باعث تشویش ہے۔

خیال رہے کہ پیر کو قومی اسمبلی اور منگل کو سینیٹ کا اجلاس طلب کیا گیا ہے جہاں کورونا صورتحال پر بحث کی جائے گی جبکہ ضابطہ کار کے تحت اجلاس میں شرکت کے لیے ارکان پارلیمنٹ کا کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ 

متعدد ارکان پارلیمنٹ نے  اجلاس میں شرکت کے لیے ٹیسٹ کرائے ہیں جن کے نمونے این آئی ایچ عملے نے حاصل کیے تھے۔ 

اپنے بیان میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس پارلیمنٹ کی راہداریوں میں بھی پہنچ گیا ہے جبکہ ارکان پارلیمنٹ اور عملے میں کورونا کی تشخیص باعث تشویش ہے

انہوں نے کہا کہ مزید ارکان اور عملے میں کورونا کی تشخیص ہونے کا خدشہ ہے اور کورونا کیسز میں اضافے سے متعلق میرے خدشات درست ثابت ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ بروقت خبردار کردیا تھا کہ ٹیسٹ کے بغیر کسی کو پارلیمنٹ میں داخل نہ ہونے دیا جائے لہٰذا موجودہ صورتحال میں اجلاس بلانے کے خطرناک نتائج نکل سکتے ہیں۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ضروری ہو تو اجلاس میں تاخیر کی جائے اور ٹیسٹ کو یقینی بنانے کے بعد ہی پارلیمنٹ میں داخلے کی اجازت دی جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر میں بھی مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ اس وقت زیرعلاج ہیں۔

مزید خبریں :