10 مئی ، 2020
کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے باعث ڈیڑھ ماہ کی مسلسل بندش کے بعد سندھ میں کل سے مارکیٹیں کھلنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گاہکوں اور دکانداروں کے لیے ماسک پہننا لازمی ہے جبکہ میعاری طریقہ کار (ایس اوپیز) پر عمل نہ کرنے والی دکانوں اور مارکیٹس کو بند کردیا جائےگا۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ عمر رسیدہ اور بیمار افراد بازار نہیں جاسکیں گے جب کہ دکاندار ملازمین کو ماسک اور سینیٹائزر فراہم کریں گے اورگاہگوں میں سماجی فاصلہ رکھنا بھی دکاندار کی ذمہ داری ہوگی۔
محکمہ داخلہ کے مطابق سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن میں مزید 31 مئی تک توسیع کردی ہے اور اس دوران سندھ حکومت کی اجازت کے علاوہ دیگر کاروباری مراکز بدستور بند رہیں گے۔
جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو سخت لاک ڈاؤن ہوگا اور عام دنوں میں بھی شام 5 سے صبح 8 تک عوام کے گھروں سے نکلنے پر پابندی ہوگی، اس دوران شاپنگ مالز، تعلیمی ادارے، شادی ہالز، جلسے جلوس اور مذہبی اجتماعات پر بھی پابندی ہوگی۔
خیال رہے کہ آج سندھ اسمبلی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور تاجر رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں کاروبارکھولنے اور ایس اوپیز پر اتفاق کیا گیا۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق پیر سے صبح 6 بجے سے شام 5 بجے تک دکانیں کھلیں گی اور دکاندار شام 4 بجے سے دکان بند کرنا شروع کریں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے جس طرح کاروبار کو بند کرنے کا فیصلہ ہمارے لیے مشکل تھا اسی طرح کاروبار کو کھولنے کا فیصلہ بھی مشکل ہے کیونکہ کیسز اب بڑھتے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سندھ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ 189 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔