10 مئی ، 2020
اسپاٹ فکسنگ کے جرم میں افغانستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی شفیق اللہ شفیق پر 6 سال کی پابندی عائد کردی گئی۔
افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شفیق اللہ شفیق نے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کے تمام الزامات قبول کرلیے ہیں جس کے بعد ان پر 6 سال تک ہر قسم کی کرکٹ کے دروازے بند کردیے گئے ہیں۔
اے سی بی کے مطابق وکٹ کیپر بلے باز شفیق اللہ شفیق پر الزام تھا کہ انہوں نے افغان پریمیئر لیگ میں اسپاٹ فکسنگ کی بلکہ بنگلا دیش پریمیئر لیگ میں بھی ساتھی کرکٹر کو فکسنگ پر اکسایا ۔
افغانستان کرکٹ بورڈ کے مطابق شفیق اللہ شفیق نے غلطی مان کر تعاون کا وعدہ کیا ہے، اس لیے ان پر صرف 6 سال کی پابندی عائد کی گئی ہے۔
30 سالہ شفیق اللہ نے افغانستان کی جانب سے 24 ایک روزہ اور 46ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل رکھے ہیں۔