Time 12 مئی ، 2020
پاکستان

ایس او پیز پر عمل نہ کرنیوالی مارکیٹیں سیل کردی جائیں: چیئرمین کراچی تاجر اتحاد

کراچی: کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے کہا ہےکہ کاروبار کے دوران ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والے مارکیٹ کو سیل کردیا جائے۔

کراچی میں گزشتہ روز مارکیٹیں کھلنے پر شہریوں کا سمندر امڈ آیا اور اس دوران تاجروں اور شہریوں کی جانب سے کورونا وائرس کے باعث بنائے گئے ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کیا گیا، کہیں شہری غیر محتاط تو کہیں دکاندار لا پرواہ نظر آئے۔

جیو نیوز کے پروگرام ‘آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ پہلے روز ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں ہوا اور اس کی امید بھی نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ جب دو ماہ کی بندش کے بعد کاروبار کی اجازت دی گئی تو غیر یقینی صورتحال تھی، لوگ بہت اشتیاق سے نکلے جب کہ وہ لوگ بھی بازار آئے جنہوں نے خریداری نہیں کرنا تھی۔

عتیق میر کا کہنا تھا کہ اگر سماجی فاصلہ اور ایس او پیز تاجر پورے نہیں کرتا تو جہاں جہاں ایس او پیز کی خلاف ورزی ہورہی ہے وہ مارکیٹیں سیل کردی جائیں، ہمیں پہلے عوام اور خود کو بچانا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بے شک کاروبار ضرورت ہے لیکن ہم موقع ملنے پربھی اس سے فائدہ نہ اٹھا سکیں تو ہمیں حق نہیں کہ ہم کوئی سہولت مانگیں، یہ افسوسناک مقام ہے اور بہت خطرناک لمحات ہیں، ہم نے انتظامیہ سے وعدہ کیا ہے۔

عتیق میر نے مطالبہ کیا کہ حکومت کاروبار کے اوقات میں اضافہ کرے اور افطار کے بعد بھی کاروبار کی اجازت دے جس سے لوگوں میں کچھ اطمینان پیدا ہوگا۔

ایس او پیز پر عمل نہ ہوا تو مارکیٹیں سیل کردیں گے: سعید غنی

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا تھا کہ یہی وجہ تھی جس کی وجہ سے ہم محتاط تھے، کوشش کررہے تھے کہ تاجر اس بات کو سمجھیں، جو کچھ کراچی کی مارکیٹوں میں ہوا بہت خطرناک بات ہے، تاجر ایس او پیز پر عمل کریں اور شہریوں کو خود بھی احساس ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی مارکیٹوں کو دیکھ کر پریشانی ہوئی، اتنی لاپرواہی ہوئی تو حالات بہت خراب نظر آرہے ہیں، کورونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے والوں کی دکانیں سیل کردیں گے۔

مزید خبریں :