Time 12 مئی ، 2020
پاکستان

آپ ہوتے کون ہیں بل معاف کرنیوالے؟ وزیر خارجہ کا سندھ حکومت کے آرڈیننس پر شدید اعتراض

اسلام آباد: وزیر خارجہ نے سندھ حکومت کے آرڈیننس پر شدید اعتراض کرتے ہوئے کہا ہےکہ  سندھ حکومت کیا آرڈیننس لا رہی ہے اور  آپ بجلی کے بل معاف کیسے کرسکتے ہیں؟ آپ ہوتے کون ہیں بل معاف کرنے والے؟

سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ کورونا چیلنج ہے، دینا کہہ رہی ہے کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد دوسرا بڑا بحران کورونا ہے، امریکا اور یورپ کے اپنے ہاتھ پاؤں پھول گئے،  سب کی کیفیت آپ کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کورونا کا مقابلہ کریں گے اور اسے شکست دیں گے، شیری رحمان کنفیوژن کی بات کی ہے جو درست نہیں، ملک میں کوئی کنفیوژن نہیں ہے،  پالیسی واضح ہے اور  قومی حکمت عملی مرتب کی جاچکی ہے۔

شاہ محمود نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے ہرگز نہیں کہا کہ لاک ڈاؤن اشرافیہ نے کرایا، وزیراعظم کی بات کی میں وضاحت کردیتا ہوں، وزیراعظم نے کہا ملک میں ایک مزدور طبقہ ہے، ایک اشرافیہ ہے اور اس کے پاس لاک ڈاؤن میں زندہ رہنے کے وسائل ہیں لیکن  غریب میں صلاحیت نہیں، ہم نے بھوک اور غربت سے جان بچانی ہے، ماہرین نے کہا کہ اگرلاک ڈاؤن رکھا جاتا تو لوگ غربت کی لکیرسے نیچے چلے جائیں گے۔

 کورونا کا حل لاک ڈاؤن ہے لیکن یہ درست نہیں: شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ملک میں کورونا سے متعلق یونیفارم پالیسی ہے، کورونا کی قومی پالیسی میں سندھ کی ان پُٹ موجود ہے، ن لیگ کی رائے ہمیں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی حکومتوں سے ہمیں مل جاتی ہے۔

انہوں نے  مزید کہا تاثر دیا جا رہا ہے کہ کورونا کا حل لاک ڈاؤن ہے لیکن یہ درست نہیں، لاک ڈاؤن تو اس کی حکمت عملی کا ایک حصہ ہے،کورونا کا حل ویکسین ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ ہم نے قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا اگر اجلاس بلانے میں ہچکچاہٹ ہوتی تو کیوں بلاتے، اجلاس کا مقصد ہے ہم آپ کی گفتگو سنیں، قومی ایمرجنسی ہے اور  قومی حکمت عملی بنانی ہے، سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین خود اس اجلاس کو بلانے کے خلاف تھے، خود پیپلزپارٹی کی قیادت بحث میں رہی کہ اجلاس بلایا جائے یا ورچوئل بلایا جائے۔

کراچی میں پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کی اکثریت ہے: وزیر خارجہ

انہوں نے سندھ حکومت اور آرڈیننس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کہ سندھ ہمارا ہے، اس کے دارالحکومت میں پی ٹی آئی اور ایم کیوایم کی اکثریت ہے، آپ صوبے کے ٹھیکیدار نا بنیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ  اندرون سندھ میں کونسا لاک ڈاؤن ہے؟ مراد علی شاہ کی محنت سے ہرگز انکار نہیں کروں گا، گلگت اور آزاد کشمیر نے اچھی محنت کی ہے، انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں لیکن آج وفاق کی علامت والی جماعت سے سندھ کی بو آرہی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ سندھ میں تاجروں سے ان کے مذاکرات ناکام ہوئے، وہاں کے تاجروں نے کہا کہ ہم لاک ڈاؤن کھول رہے ہیں پھر انہیں مجبوراً لاک ڈاون کھولنا پڑا،  ہمارے ملک میں کوئی آمریت نہیں ہے، یہاں لوگوں کو قائل کرنا پڑتا ہے اور ہم ڈنڈے کے زور پر کچھ نہیں کرسکتے۔

جیسے پنجاب میں لوہا منوایا اب سندھ میں ہم اپنا لوہا منوائیں گے، تیاری کرلو:
وزیر خارجہ

وزیر خارجہ نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کے قائل ہیں اور  وہ ہماری ہے، واضح کہتا ہوں، اٹھارہویں ترمیم کو دفن کرنا ہماری سیاست نہیں، اس کے عمدہ پہلو ہمیں قبول ہیں لیکن ترمیم میں جو مسائل سامنے آئے اس پر بیٹھ کر بات کرتے ہیں۔

شاہ محمود کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کیا آرڈیننس لا رہی ہے، آپ بجلی کے بل معاف کیسے کرسکتے ہیں؟ آپ ہوتے کون ہیں بل معاف کرنے والے، سندھ کے ساتھ ہرگز امتیازی سلوک نہیں روا رکھا جا رہا، اس کو آبادی کے تناسب سے زیادہ سامان دیا، سندھ کے ساتھ نا زیادتی ہوئی ہے نا کریں گے، جیسے پنجاب میں لوہا منوایا اب سندھ میں ہم اپنا لوہا منوائیں گے، تیاری کرلو۔

مزید خبریں :