قومی ہاکی پلیئرز کے درمیان انفرادی مہارت کا مقابلہ

ٹاپ پانچ کھلاڑی ایشین ہاکی اسکلز مقابلے کیلئے منتخب ہوں گے— فوٹو: فائل

پاکستان ہاکی ٹیم منیجمنٹ نے قومی کھلاڑیوں کو متحرک رکھنے کیلئے انفرادی اسکلز کا مقابلہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے جن میں سے ٹاپ پانچ کھلاڑی ایشین ہاکی اسکلز مقابلے کیلئے منتخب ہوں گے۔

کورونا وائرس کے باعث جہاں کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہیں وہیں پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے کھلاڑیوں کو متحرک رکھنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

پہلے کھلاڑیوں کو گھروں پر فٹنس پلان دیا گیا اور پھر سینیئر ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ ہوئے۔ فٹنس ٹیسٹ کے بعد قومی ہاکی ٹیم کی انتظامیہ نے انفرادی اسکلز پروگرام میں شرکت کو یقینی بنانے کیلئے مقابلوں کا اہتمام کیا ہے۔

ٹیم منیجمنٹ نےقومی ہاکی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں سے انفرادی اسکلز کی ویڈیوز منگوانا شروع کر دی ہیں جن میں سے ٹاپ پانچ کھلاڑی ایشین ہاکی اسکلز مقابلے کیلئے منتخب ہوں گے۔

ہیڈ کوچ قومی ہاکی ٹیم خواجہ جنید کہتے ہیں کہ انفرادی اسکلز مقابلے کا مقصد کھلاڑیوں کو متحرک رکھنا ہے ۔اس کے علاوہ ان کی مہارت کا اندازہ ہوگا۔

اس سے قبل جونیئر ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے درمیان ورزش کا مقابلہ بھی ہو چکا ہے۔

مزید خبریں :