کیا خلیج بنگال میں موجود طوفان 'امفان'سے پاکستان کو کوئی خطرہ ہے؟

پیر سے شہر میں شروع ہونے والی ہیٹ ویو کا خلیج بنگال کےطوفان سے تعلق نہیں ہے، محکمہ موسمیات،فوٹو:ڈھاکا ٹریبیون

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خلیج بنگال میں موجود طوفان 'امفان' سے پاکستان کے ساحلی مقامات کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں موجود طوفان کراچی سے 2600 کلومیٹردور ہے جس سے سندھ اور بلوچستان کے ساحلی مقامات خطرہ نہیں ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان بھارت یا بنگلا دیش کے کسی ساحل سے ٹکرا سکتا ہے اور امکان ہے کہ طوفان بھارتی ساحلی مقامات کولکتہ اور اڑیسہ کے قریب پہنچے گا۔

کراچی کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان کراچی پر گرم ہواؤں کی شکل میں اثر دکھا سکتا ہے تاہم کل سے شہر میں شروع ہونے والی ہیٹ ویو کا خلیج بنگال کےطوفان سے تعلق نہیں ہے۔

محکمہ موسمیات نے کل کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری تک بڑھنے کی پیش گوئی کی ہے اور کہا ہے کہ پیر کی دوپہرکو سمندری ہوائیں معطل رہیں گی اور بلوچستان کی گرم ہوائیں کراچی میں داخل ہوں گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں معتدل ہیٹ ویو 22 مئی تک جاری رہ سکتی ہے اور اس دوران کراچی میں درجہ حرارت 41 سے42 ڈگری تک جاسکتا ہے۔

مزید خبریں :