کرکٹ سرگرمیاں شروع کرنے کیلئے پی سی بی کا حکومت کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ

کھلاڑیوں کو میدان میں واپس لانے کے لیے روڈمیپ تیارکرنے کے بعد حکومت سے اجازت لی جائے گی،ذرائع،فوٹو:فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکومتی اجازت ملنے کے بعد ہی کرکٹرز کی ٹریننگ کے حتمی شیڈول کا اعلان کرے گا۔

ذرائع کے مطابق  پی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ بائیو سیکیور انتظامات کے ساتھ قومی کرکٹرز کو کرکٹ ٹریننگ کی طرف لے کر آئے ۔

 پی سی بی ذرائع کے مطابق حکومتی اجازت ملنے کے بعد ہی پی سی بی کرکٹرز کی ٹریننگ کے حتمی شیڈول کا اعلان کرے گاکیونکہ کورونا وائرس کے باعث حکومت کی جانب سے تاحال کھیلوں کی سرگرمیوں پرپابندی میں نرمی نہیں کی گئی اس لیے کھلاڑیوں کو میدان میں واپس لانے کیلئے روڈمیپ تیارکرنے کے بعد حکومت سے اجازت لی جائے گی۔

 بائیو سیکیور انتظامات کے حوالے سے حکومت کو اعتماد میں لینے کے بعد  کھلاڑیوں، سپورٹ اسٹاف اور نیشنل اکیڈمی کے عملے کے کوویڈ 19 ٹیسٹ کا طریقہ طے ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹ کی سرگرمیاں عید کی چھٹیوں کے بعد جون کے پہلے ہفتے سے شروع ہونے کاامکان ہے جب کہ دورہ انگلینڈ کے حوالے سے کھلاڑیوں کو عید کے بعد ہی اعتماد میں لیا جائے گا اور  کرکٹرز سے آن لائن سیشن کے دوران انہیں حفاظتی اقدامات کے حوالے سے بریف کیا جائےگا اور انہیں انگلینڈ جانے کیلئے مجبور نہیں کیا جائے گا۔

 ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مصباح الحق، وقار یونس اور ذاکر خان کھلاڑیوں کی ٹریننگ کیلئے روڈمیپ تیار کریں گے، تینوں عہدیداران کو رواں ہفتے کے اختتام پر روڈمیپ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ ڈاکٹر سہیل سلیم کو میدان واپسی کیلئے طبی پہلوؤں پر روڈ میپ تیاری کی ذمہ داری دی گئی ہے، وہ کھلاڑیوں کو آئسولیشن میں رکھنے اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر مبنی روڈ میپ تیار کریں گے۔

مزید خبریں :