ارطغرل نے ’میرا جسم میری مرضی‘کے نعرے کو دفن کردیا: وینا ملک

ارطغرل غازی نے ’میرا جسم میری مرضی‘نعرے کو دفن کردیا: وینا ملک—فوٹو انسٹاگرام

پاکستانی اداکارہ و میزبان وینا ملک نے ترک سیریز ’ارطغرل غازی‘ کی تعریفوں کے پل باندھتے ہوئے پاکستانی شوبز انڈسٹری کو اس سے سبق سیکھنے کی تجویز دی ہے۔

شہرہ آفاق ترکش سیریز ’دیرلیش ارطغرل‘ یا ’ارطغرل غازی‘ پاکستان میں اتنی مقبول ہوچکی ہے کہ اس نے ترکی کا ریکارڈ بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

اس سیریز کی کہانی اور کرداروں نے نہ صرف پاکستان کی عوام کا دل جیتا بلکہ شوبز ستاروں کو بھی اپنا گرویدہ کرلیا ہے۔

سوشل میڈیا پر عام عوام کے ساتھ پاکستانی شوبز ستارے بھی اس کی خوب تعریفیں کر رہے ہیں اور اپنی پسندیدگی کا اظہار مختلف پوسٹ کے ذریعے کر رہے ہیں۔

گزشتہ روز وینا ملک نے بھی سیریز کی مقبولیت سے متعلق بات کی۔

وینا ملک اپنی پوسٹ میں لکھتی ہیں کہ ترک ڈرامہ ارطغرل ترکی سے زیادہ پاکستان میں مقبول ہو رہا ہے، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستانی عوام کی سوچ اور پسند آج بھی اسلامی روایات کے مطابق ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’اس ڈرامے کی مقبولیت نے "میرا جسم میری مرضی" کے نعرے کو دفن کردیا ہے، اگر پاکستانی انڈسٹری کو تباہ ہونے سے بچنا ہے تو مغربی کلچر کو چھوڑنا ہوگا‘۔

دوسری جانب تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی مقبول اداکارہ مہوش حیات نے بھی اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ‘مجھے نہیں معلوم اس کے بارے میں کیوں فضول باتیں چل رہی ہیں؟ لیکن آخرکار یہ تسلیم کرنا ہی ہے کہ یہ ایک تعلیمی ڈرامہ سیریز ہے جو تاریخی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے اور اخلاقیات کا سبق دیتا ہے‘۔

آخر میں مہوش حیات نے سیریز میں ’ارطغرل‘ کا مرکزی کردار ادا کرنے والے ترک اداکار کو اپنا نیا ’کرش‘ بھی قرار دیا۔

واضح رہے کہ جہاں پاکستانی شوبز ستارے ترکش سیریز کو پاکستان میں نشر ہونے پر سراہ رہے ہیں وہیں کچھ ستارے اسے اپنی انڈسٹری کے لیے نامناسب قرار دے رہے ہیں۔  

مزید خبریں :