دنیا
Time 19 مئی ، 2020

فوج کیخلاف تحقیقات ہوئیں تو انسانی حقوق کونسل کی رکنیت چھوڑ دیں گے، سری لنکا

اقوام متحدہ سمیت کسی بھی بین الاقوامی ادارے نے اگر سری لنکا کے جنگی ہیروز کیخلاف تحقیقات کیں تو اس ادارے کا حصہ ہی نہیں رہیں گے، سری لنکن صدر— فوٹو: فائل

سری لنکا نے تامل ٹائیگرز کیخلاف جنگ میں سری لنکن فوج کے جنگی جرائم کی تحقیقات پر احتجاج کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ اگر تحقیقات کی گئیں تو سری لنکا اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل کی رکنیت سے دستبردار ہوجائے گا۔

سری لنکن صدر گوتا بایا راجاپاکسے نے کولمبو میں تامل ٹائیگرز کو شکست دینے کی 11ہویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ اگر فوج کیخلاف تحقیقات کیں گئیں تو سری لنکا اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل سے نکل جائے گا۔

سری لنکن صدرنے مزید کہا کہ فوجیوں کا تحفظ کرنا میرا قومی فرض ہے، اقوام متحدہ سمیت کسی بھی بین الاقوامی ادارے نے اگر 30 سالہ خانہ جنگی کو ختم کرنے والے سری لنکا کے جنگی ہیروز کیخلاف تحقیقات کیں تو سری لنکا اس ادارے کا حصہ ہی نہیں رہے گا۔

خیال رہے کہ تامل علیحدگی پسندوں کو مئی 2009 میں صدر گوتابایا پاکسے کے بھائی مہندا راجا پاکسے کی حکومت نے شکست دی تھی۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل نے تاملوں کیخلاف کارروائی کے دوران ایک لاکھ اموات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے ادارے سری لنکن فوج پر تاملوں کیخلاف جنگ کے آخری دنوں میں 40 ہزار تامل سویلینز کی ہلاکت کا الزام لگاتے ہیں۔

مزید خبریں :