دنیا
Time 20 مئی ، 2020

فلسطینی صدر کا اسرائیل اور امریکا سے تمام معاہدے ختم کرنے کا اعلان

فلسطینی صدر محمود عباس نے مزید فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضے کے اعلان کے بعد اسرائیل اور امریکا سے سیکیورٹی تعاون سمیت تمام معاہدے ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

ایک ہنگامی اجلاس کے بعد  محمود عباس نے اعلان کیا کہ اب فلسطینی اتھارٹی اور تنظیم آزادی فلسطین (پی ایل او)  اسرائیل کے ساتھ دستخط کیے گئے معاہدوں پر عمل در آمد کی پابند نہیں۔

خیال رہے کہ یہ محمود عباس کی جانب سے یہ اعلان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب  حال ہی میں اسرائیل نے بیت المقدس کے قریب واقع فلسطینی شہریوں کے گھروں کو مسمار کردیا ہے تاکہ وہاں یہودی بستی تعمیر کی جاسکے۔

اس سے قبل اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی جانب سے مغربی کنارے کو اسرائیل میں ضم کرنے اور وہاں  یہودی بستیاں تعمیر کرنے کا بیان سامنے آیا تھا۔

محمود عباس کا کہنا تھا کہ  اسرائیلی حکومت کی جانب سے فلسطینی زمین پر قبضے سے اوسلو معاہدہ منسوخ ہو چکا ہے اور اب فلسطینی ریاست کی زمین  پر اسرائیلی حکام بطور قابض تمام تر نتائج کے ذمے دار ہیں۔

محمود عباس نے امریکی امن منصوبے کو مسترد کر دینے والے ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ عالمی امن، بین الاقوامی قوانین اور اس کی حیثیت کو بچانے کیلئے فلسطینی ریاست کو تسلیم کریں۔

یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے اپنے منصوبے کا اعلان کیا تھا جسے فسلطینی اتھارٹی سمیت دنیا کے اکثر ممالک نے مسترد کردیا تھا۔

مزید خبریں :