22 مئی ، 2020
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی میں پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے پر دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ پی آئی اے طیارہ حادثے پررنج و غم کا شکار ہیں اور جاں بحق مسافروں کیلئے دعاگو ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ طیارہ حادثے پر شدید دکھ اور صدمہ ہوا، پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک کراچی جارہے ہیں اور ان سے رابطےمیں ہوں۔
انہوں نے کہا کہ حادثے کی فوری طورپر انکوائری شروع کی جائے گی۔
وزیراعظم نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پی آئی اے طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔
آرمی چیف نے پاک فوج کو امدادی کارروائیوں میں سول انتظامیہ سے مکمل تعاون کرنے کی ہدایت کی۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی طیارے کے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سابق صدر نے ہدایت کی ہے کہ حکومت سندھ جاں بحق افراد کے لواحقین کی اخلاقی مدد کرے اور پارٹی عہدیدار اور وزراء حادثے سے متاثرہ خاندانوں سے رابطہ کریں۔
خیال رہے کہ قومی ائیرلائن کی پرواز پی کے 8303 کو لینڈنگ کے وقت حادثہ پیش آیا اور طیارہ 2 بجکر 37 منٹ پر گرگر تباہ ہوگیا جبکہ جہاز میں عملے کے 7 ارکان سمیت 98 افراد سوار تھے۔
حادثے نتیجے میں متعدد افراد کے جاں بحق اور زخمے ہونے کا خدشہ ہے۔