حکومت سندھ نے تاجروں کو چاند رات کو کاروبار کھولنے کی اجازت دے دی

کراچی: حکومت سندھ نے تاجروں کو عیدالفطر کے موقع پر چاند رات کو کاروبار کھولنے کی اجازت دے دی۔

آل سٹی تاجر اتحاد کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ  صوبائی حکومت نے چاند رات کو کاروبار کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔

صدر آل سٹی تاجر اتحادحماد پونا والا کا کہنا تھا کہ چاند رات کو کاروبار کھولنے کی اجازت دینے پر حکومت سندھ کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام دکاندار حکومت کے طے کردہ ضابطہ کار (ایس او پیز) پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے اعلان کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس کے پیش نظر جزوی لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کردی گئی تھی اور تاجروں کو صبح 6 سے شام 5 بجے تک کاروبار کھولنے کی اجازت دی گئی تھی۔

دوسری جانب سندھ میں کورونا کیسز میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اب تک صوبے میں 354 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد ساڑھے 21 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

مزید خبریں :