مصری بندرگاہ پر 2 سال سے پھنسے 3 پاکستانیوں کو رہا کردیا گیا

بحری جہاز سی ہارس 2 پر پاکستانی عملہ گزشتہ 2 سال سے محصور تھا،فوٹو:پاکستانی سفارتخانہ قاہرہ

جیونیوز کی کوششیں رنگ لے آئی ہیں اور مصری بندرگاہ پر 2 سال سے  پھنسے 3 پاکستانیوں کو رہا کردیا گیا ہے۔

قاہرہ میں پاکستانی سفارت خانے پر تعینات ہیڈ آف چانسلرز راجہ اظہر نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ بحری جہاز سی ہارس 2 پر پاکستانی عملہ گزشتہ 2 سال سے محصور تھا۔

راجہ اظہر کے مطابق محصولات کے تنازعے پر مصری بحریہ نے جہاز کو قبضے میں لے رکھا تھا،کپتان سمیت عملہ آج قاہرہ سے خصوصی پرواز کے ذریعے اسلام آباد پہنچے گا۔

خیال رہے کہ جیونیوز  نے دو سال قبل سب سے پہلے مصری بندر گاہ پر پھنسے پاکستانیوں پر رپورٹ نشر کی تھی جس کے بعد 6 میں سے 3  پاکستانی شہری گزشتہ سال وطن واپس آنے میں کامیاب رہے تھے۔

گذشتہ ماہ بھی جیو نیوز نے بقیہ محصور 3 افراد 'جن میں جہاز کے  کپتان، چیف انجینئر اور چیف آفیسر شامل تھے'  کے حوالے سے  خبر نشر کی تھی اور جہاز کے کپتان رحمان فضل  کا ویڈیو پیغام بھی نشر کیا تھا۔

مزید خبریں :