Time 25 مئی ، 2020
پاکستان

پائلٹ سجاد گل کے والد پی آئی اے انتظامیہ پر برس پڑے

لاہور: کراچی میں پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے میں جاں بحق ہونے والے جہاز کے پائلٹ کیپٹن سجاد گل کے والد گل محمد بھٹی پی آئی اے کی انتظامیہ پر برس پڑے۔

سجاد گل کے والد کا کہنا ہے کہ پی آئی اے والے خود ہی انکوائری کررہے ہیں اور خود ہی فیصلے بھی کررہے، پی آئی اے کی انکوائری پر اعتبار نہیں۔

پی آئی اے کے پائلٹ سجاد گل کے والد نے لاہور میں اپنی رہائش گاہ کے بار گورنر پنجاب محمد سرور کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ گورنر صاحب کی یقین دہانی پر اعتبار کرتا ہوں، پی آئی اے والے خود انکوائری کر رہےہیں،خود ہی لیکیج کہہ کر پائلٹ کو ذمےدار قرار دے رہےہیں، میرے بیٹے نے17 ہزار پرواز کے گھنٹے مکمل کیے،پہلا پائلٹ ہے جس نے پراعتمادی کے ساتھ کام مکمل کیا، بلیک باکس کی رپورٹ آنے سے پہلے کوئی بات نہ کی جائے۔

گل محمد بھٹی نے کہا کہ اگر انصاف نہ کیا تو بات کروں گا، گورنر نے کہا ہےکہ آپ کےساتھ کھڑا ہوں گا۔

اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ کیپٹن سجاد گل سمیت سب کی شہادت کا تقاضا ہے کہ انصاف ملنا چاہیے، کیپٹن سجاد کے خاندان کو کئی سالوں سےجانتا ہوں، تین بھائی گلاسگو میں ہوتے ہیں،ان سےخاندانی تعلق ہے، سجاد گل باصلاحیت شخص تھے، جنہوں نے ایمانداری سے کام کیا۔

گورنرپنجاب نے کہا کہ تحقیقات نیوٹرل ہوں گی کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی، والد کے چہرے پر دکھ ہے،انہوں نےیہ صدمہ صبر سے برداشت کیا، میں نے یقین دلایاہے کہ انکوائری وزیر اعظم کی نگرانی میں آزادانہ ہو گی، خاندان چاہتا ہےکہ انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں، انصاف کے مطابق حقائق عوام کے نوٹس میں لائے جائیں گے،میڈیا سجاد گل کے خلاف بلیک باکس کی رپورٹ آنے تک کوئی بات نہ کرے۔

مزید خبریں :