Time 27 مئی ، 2020
پاکستان

کراچی کے نجی اور سرکاری اسپتالوں میں کورونا کے وارڈز بھرگئے

کراچی میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے باعث کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوگیا ہے جس کے بعد شہر کے نجی اور سرکاری اسپتالوں میں کورونا وارڈز بھرگئے ہیں۔

محکمہ صحت سندھ کے حکام کے مطابق وارڈز مریضوں سے بھر جانے کے باعث بیشتر نجی اور سرکاری اسپتالوں نے مزید کورونا کے مریض لینے سے انکار کردیا ہے۔

جناح اسپتال کے حکام نے بتایا کہ جناح اسپتال میں ایچ ڈی یو کے 19 بستروں پر مریض موجود ہیں جبکہ آئی سی یو کے 17 بستروں پر بھی مریض موجود ہیں۔

شہر کے دوسرے بڑے سرکاری سول اسپتال میں بھی کورونا وارڈ مکمل طور پر بھر گیا ہے، اسپتال میں مختص 12 وینٹی لیٹرز پر بھی مریض موجود ہیں۔

نجی اسپتالوں کی بات کی جائے تو انڈس اسپتال کے تمام 28 بستر اور 15 وینٹ بھر گئے جبکہ اوجھا اسپتال کے تمام 50 بیڈز اور 16 وینٹی لیٹرز پر مریض موجود ہیں۔

اسی طرح ضیاء الدین اسپتال کے مخصوص 51 بیڈ اور 6 وینٹی لیٹرپر بھی مریض موجود ہیں۔

آغا خان اسپتال نے کورونا کے مزید مریض لینے سے انکار کردیا ہے اور باقاعدہ نوٹس آویزاں کردیا گیا ہے۔

محکمہ صحت کے حکام کے مطابق مریضوں کا بوجھ عید کی چھٹیوں کے باعث سامنے آیا ہے۔

دوسری جانب صوبے میں بھی کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، مہلک وائرس سے اموات کی تعداد 380 ہوگئی ہے جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 24 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

مزید خبریں :