دنیا
Time 30 مئی ، 2020

پولیس حراست میں سیاہ فام شخص کی ہلاکت کیخلاف احتجاج پورے امریکا میں پھیل گیا

امریکا کی ریاست منی سوٹا میں سیاہ فام شخص جارج فلوئیڈ کے قتل کے ملوث پولیس افسر ڈیریک چوائن کو گرفتار کرلیا جبکہ ہلاکت کیخلاف احتجاج کا دائرہ پورے امریکا میں پھیل گیا ہے۔

ریاست مِنی سوٹا کے شہر مینی پولِس میں پولیس کے ہاتھوں سیاہ فام شہری کی ہلاکت کے بعد ہنگامے پھوٹ پڑے تھے اور مشتعل مظاہرین نے جلاؤ گھیراؤ بھی کیا تھا۔

سیاہ فام شخص کی ہلاکت پر مظاہروں کا سلسلہ چوتھے روز بھی جاری رہا جس کے باعث پولیس اور مظاہرین میں آنکھ مچولی ہوتی رہی۔

احتجاج کے باعث مینی پولِس میں رات 8 بجے سے صبح 6 بجے تک کرفیو نافذ کردیا گیا ہے جبکہ ریاستی گورنر ٹم والز کی جانب سے نیشنل گارڈز کی مزید نفری بھی تعینات کردی گئی ہے۔

گورنر کی جانب سے احتجاج سے سختی سے نمٹنے کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔

دوسری جانب سیاہ فام جارج فلوئیڈ کے قتل کے الزام میں سابق پولیس افسر ڈیریک چوائن کو گرفتار کرلیا ہے، ملزم پر قتل اور تشدد کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ڈیریک چوائن اور دیگر تین پولیس اہلکاروں کو اس واقعے کے بعد برطرف کردیا گیا تھا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مقامی عدالت نے گرفتار ملزم ڈیریک چوائن کی ضمانت کیلئے  5 لاکھ ڈالر کی رقم مقرر کی ہے۔

اُدھر سیاہ فام شہری کی ہلاکت کے خلاف امریکا بھر میں احتجاج شروع ہوگیا ہے اور کئی ریاستوں میں شدید احتجاج کیا گیا۔

شکاگو میں بھی پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں  پتھراؤ سے کئی پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق مظاہرین نے املاک اور گاڑیوں کو آگ لگائی جبکہ کئی مظاہرین کو گرفتار کیا گیا ہے۔

امریکی شہر نیویارک میں پولیس نے احتجاج کرنے والے 200 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کیا۔

امریکی صدارتی محل وائٹ ہاؤس کے باہر بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا— فوٹو: اے ایف پی

امریکی صدارتی محل وائٹ ہاؤس کے باہر بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اس دوران پولیس اور مظاہرین میں تکرار بھی ہوئی۔ 

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ریاست منی سوٹا میں پر تشدد احتجاجی مظاہرے اُس وقت شروع ہوئے جب سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں سڑک پر جارج فلوئیڈ نامی ایک 46 سالہ سیاہ فام شخص کی گردن کو ایک پولیس اہلکار اپنے گھٹنے سے دبا رہا ہے جب کہ وہ شخص گُھٹتی ہوئی آواز میں کہ رہا ہے کہ 'مجھے سانس نہیں آرہی، مجھے قتل مت کرو'۔

رپورٹس کے مطابق واقعے کے کچھ دیر بعد اس شخص کو ایمبولینس میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی موت واقع ہوگئی تھی۔

مزید خبریں :