کورونا مریضوں کیلئے ملک بھر میں وینٹی لیٹرز کی تقسیم

این ڈی ایم اے کی جانب سے کورونا مریضوں کیلئے صوبوں میں وینٹی لیٹرز کی تقسیم—فوٹو فائل

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے ملک کے چاروں صوبوں میں کورونا مریضوں کے لیے وینٹی لیٹرز تقسیم کیے جا رہے ہیں۔

ترجمان  این ڈی ایم اے کے مطابق بڑھتی ضرورت کے پیش نظر صوبوں میں 100 وینٹی لیٹرز تقیسم کیے جا رہے ہیں، صوبوں کو 10, 10 آئی سی یو وینٹی لیٹرز کی وصولی کے لیے خط ارسال کر دیا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ چاروں صوبوں کے علاوہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان  کو بھی 10، 10 بائی پیپ پورٹ ایبل وینٹی لیٹرز دیے جا رہے ہیں۔

این ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ تقسیم کے ساتھ وینٹی لیٹرز کے استمعال کے لیے طبی عملے کی تربیت کا بھی بندوبست کر دیا گیا ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے نے کہا کہ  تمام انتظامات کی تفصیل سے صوبوں کو آگاہ بھی کر دیا گیا ہے اور ہدایت کی گئی ہے کہ وینٹی لیٹرز کی اسپتالوں میں تقسیم کی تفصیل سے این ڈی ایم اے کو آگاہ بھی کیا جائے۔

انھوں نے بتایا کہ اسلام آباد کے پمز اسپتال کو پہلے ہی مطلوبہ تعداد کے مطابق وینٹی لیٹرز دیے جا چکے ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق وینٹی لیٹرز کی تنصیب اور بعد از فروخت سروس کی سہولت بھی مہیا کی جا رہی ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جس کے باعث اسپتالوں میں اضافی وینٹی لیٹرز کی  ضرورت  پیش آرہی ہے۔

مزید خبریں :