عمران خان کی حکومت نے پاکستان کو قرضستان بنا دیا ہے: احسن اقبال

مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ن لیگ نے  اپنے دور میں اضافی چینی ایکسپورٹ کرنے کے لیے سبسڈی دی تھی مگر موجودہ حکومت اپنی چوری چھپانے کے لیے اپوزیشن پر الزام تراشی کر رہی ہے۔

 نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اب شہزاد اکبر بھی مان گئے ہیں کہ عمران خان نے ایکسپورٹ کی اجازت دی، اصل ایشو یہ ہے کہ کس کس نے بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے اورعام آدمی کی جیب پر 300 ارب کا ڈاکہ کس نے ڈالا؟

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ میڈیا پر طیارہ حادثے کی متاثرہ خاتون کی فریاد سنی تو میرا دل لرز گیا، وزیر اعظم کا فرض تھا کہ طیارہ حادثے کی خود نگرانی کرتے اورکراچی جاتے، اس کی بجائے وزیر اعظم نتھیاگلی میں سیر کر رہے تھے  جب کہ مسافروں کے لواحقین ٹھوکریں کھا رہے تھے۔

سیکرٹری جنرل ن لیگ کا کہنا تھاکہ یہ بے حس، نااہل اور ناکام حکومت ہے،جو حکومت 100خاندانوں کے سر پر ہاتھ نہیں رکھ سکتی،وہ 22کروڑ کے ساتھ کیا کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس پر ہم چیختے رہے کہ خدار راہ حفاظتی اقدامات اٹھاؤ لیکن حکومت نے لاک ڈاؤن کو بھی مذاق میں لیا۔

 ٹڈل دَل کے حوالے سے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت نے 10کروڑ کا اسپرے نہیں کیا اور  8 سو ارب کی زرعی معیشت تباہ کردی، ٹڈیوں سے 55 اضلاع میں کسان تباہ برباد ہو چکے ہیں، یہ قدرتی آفت نہیں یہ عمران خان کی نااہلی کی آفت ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت 15ارب ڈالرکا نیا قرضہ لینے جا رہی ہے،اس حکومت نے پاکستان کو قرضستان بنا دیا ہے۔

مزید خبریں :