کورونا کے باعث ملک میں ایک کروڑ 73 لاکھ افراد کے بیروزگار ہونے کا خدشہ

بیروزگاری کے خدشے میں آنے والی یہ تعداد ملک بھر میں ملازمت پیشہ افراد کا 28 فیصد بنتی ہے: گیلپ پاکستان کی رپورٹ— فوٹو:فائل 

عوامی آراء جاننے کے حوالے سے معروف ادارے گیلپ پاکستان کے سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں ایک کروڑ 73 لاکھ سے زائد افراد ملازمتوں سے محروم ہوسکتے ہیں۔

سروے میں بتایا گیا ہے کہ بیروزگاری کے خدشے میں آنے والی یہ تعداد ملک بھر میں ملازمت پیشہ افراد کا 28 فیصد بنتی ہے۔

 رپورٹ کےمطابق سندھ میں ملازمت سے محروم ہونے والوں کی شرح سب سے زیادہ 37 فیصد سے زائد ہوسکتی ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں 29 فیصد، بلوچستان میں 27 فیصد اور پنجاب میں یہ شرح 24 فیصد ہوسکتی ہے۔  

سروے میں کہا گیا ہے کہ زیادہ ترمتاثر ہونے والے شعبہ جات صوبہ سندھ میں موجود ہیں جبکہ کورونا وائرس کے باعث متاثر ہونے والوں میں مزدوری کرنے والے، دستکار، مشینوں پرکام کرنے والے اور سیلز ورکر شامل ہیں۔

خیال رہے کہ کورونا لاک ڈاؤن کے دوران 24 اپریل کو گیلپ کی جانب سے جاری کیے جانے والے سروے نتائج میں کہا گیا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والے معاشی بحران کے باوجود ملک کے 83 فیصد کاروباری افراد اب تک اپنے ملازمین کو ملازمتوں سے نکالنے کا نہیں سوچ رہے ہیں۔

دوسری جانب اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بھی کورونا کے معیشت پر پڑنے والے اثرات کی رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق کورونا کے سبب تجارت مثاثر ہوئی، کئی کمپنیاں دیوالیہ ہوسکتی ہیں۔

مزید خبریں :