Time 03 جون ، 2020
پاکستان

ن لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت چیمہ کورونا کے باعث انتقال کرگئے

مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت چیمہ کورونا وائرس کےباعث انتقال کرگئے۔

پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ (پی کےایل آئی) لاہور انتظامیہ کے مطابق ممبر صوبائی اسمبلی شوکت چیمہ گذشتہ کئی دنوں سے کورونا کے باعث زیر علاج تھے اور  عید کے روز سے وینٹی لیٹرپر تھے۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق ایم پی اے شوکت چیمہ دل کے مرض میں بھی مبتلا تھے۔

ن لیگ کے صدر  شہبازشریف نے شوکت چیمہ کے انتقال پر اظہار افسوس  کرتے ہوئے کہا ہے کہ  شوکت چیمہ کی پارٹی کےلیے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

خیال رہے کہ شوکت چیمہ 2018ء کے انتخابات میں ن لیگ کی جانب سے گوجرانوالہ میں پی پی 51 سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

 دوسری جانب اسلام آباد میں  خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی میاں جمشید الدین کاکا خیل  بھی کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے ہیں۔

میاں جمشیدالدین کاکا خیل 2018 کے انتخابات میں خیبرپختونخوا کے حلقے پی کے 63 سے کامیاب ہوئے تھے اور وہ صوبائی وزیر برائے ایکسائز بھی رہ چکے ہیں۔

گزشتہ روز سندھ کے وزیر کچی آبادی غلام مرتضیٰ بلوچ بھی کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے تھے، وہ سندھ اسمبلی کے حلقہ 88 ملیر 2 سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

ان کے علاوہ گزشتہ روز جمعیت علمائے اسلام  سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی منیر اورکزئی بھی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے ۔

 ضلع کرم سے رکن قومی اسمبلی منیر اورکزئی گزشتہ مہینے کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے تھے تاہم 8 مئی کو ان کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا تھا لیکن کورونا سے صحتیاب ہونے کے بعد قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ان کی طبیعت اچانک بگڑگئی تھی جس پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :