آئندہ ہفتے رحمان ملک سمیت پی پی کی مجرمانہ کارروائیاں سامنے لاؤں گی: سنتھیا

سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے خلاف  ٹوئٹ اور الزامات لگانے والی امریکی خاتون سنتھیارچی نے پیپلزپارٹی سے معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا۔

امریکی خاتون سنتھیارچی کا کہنا ہے کہ مجھے ہراساں کرنے پر پیپلز پارٹی سر عام معافی مانگے، اگر پیپلز پارٹی کے آفیشل اکاؤنٹ سے معافی مانگی گئی تو ٹوئٹ ڈیلیٹ کرنے پر غور کروں گی۔

ایک اور بیان میں سنتھیارچی کا کہنا تھا کہ وہ اس ہفتے رحمان ملک سمیت پیپلزپارٹی کی مجرمانہ کارروائیاں سامنے لائیں گی اور سوشل میڈیا کے بعد روایتی میڈیا پر مؤقف پیش کریں گی۔

خیال رہے کہ حال ہی میں امریکی شہری سنتھیا رچی نے سوشل میڈیا پر پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے خلاف الزامات کی بوچھاڑکی تھی۔

انھوں نے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک پر جنسی زیادتی جب کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وفاقی وزیر مخدوم شہاب الدین پر دست درازی کا الزام عائد کیا تھا۔

اس سے قبل سنتھیا رچی نے سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے حوالے سے بھی متنازع اور نامناسب ٹوئٹ کی تھیں۔

امریکی خاتون کے الزامات پر پیپلز پارٹی نے قانونی چارہ جوئی کیلئے عدالت سے بھی رجوع کیا ہے جس پر سنتھیا کو 9 جون کو جسٹس آف پیس کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

مزید خبریں :