حکومت رواں ماہ آکسیجن سپلائی کے ساتھ ایک ہزار بیڈزیقینی بنائےگی: اسد عمر

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت رواں ماہ آکسیجن سپلائی کے ساتھ ایک ہزار بیڈزیقینی بنائےگی۔

ملک میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جس کے باعث اسپتالوں میں مریضوں کے لیے وینٹی لیٹرز اور  بستروں کی قلت ہوگئی ہے جب کہ کچھ اسپتال کے  کورونا وارڈ کے علاوہ عام وارڈز بھی کورونا مریضوں سے بھرپور ہوچکے ہیں۔

اس سلسلے میں  نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے چند روز قبل اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز اور بیڈز کی فراہمی کے لیے ’پاک نگہبان‘ ایپ بھی پیش کی گئی  تاکہ جن اسپتالوں میں کمی واقع ہو وہ اس کے تحت حاصل کر سکتے ہیں۔

اس حوالے سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ  این سی او سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہےکہ وفاقی حکومت آکسیجن سپلائی کے ساتھ ایک ہزار بیڈز کی تعداد میں اضافہ یقینی بنائے گی جو رواں ماہ جون میں ملک کے بڑے شہروں میں دیے جائیں ۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے میں 50 وینٹی لیٹرز چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت میں دیے جا چکے ہیں، جولائی میں اس استعداد کار میں مزید اضافہ کیا جائےگا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اسپتالوں کے لیے خصوصی پیکج مرتب کیا جائےگا اور اس سلسلے میں صوبوں کےساتھ مشاورت سےاقدام کریں گے۔

مزید خبریں :