Time 08 جون ، 2020
پاکستان

سنتھیا رچی نے رحمان ملک، یوسف رضا اور شہاب الدین کے ساتھ تصاویر شیئر کردیں

پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت پر سنگین الزامات لگانے والی امریکی خاتون سنتھیا رچی نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سمیت رحمان ملک اور  مخدوم شہاب الدین کے ساتھ ملاقاتوں کی تصاویر شیئر کردیں۔

ٹوئٹر پر سنتھیا رچی نے سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی سے ایوانِ صدر میں ملاقات کی تصویر شیئر کی ہے۔

سنتھیا رچی کا کہنا ہے کہ ان کی یوسف رضا گیلانی سے پہلی ملاقات ایوان صدر میں ہی ہوئی تھی، یہ تصویر ایوان صدر کے استقبالیہ کمرے کی ہے۔

امریکی خاتون کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ تحقیقاتی ادارے ایوان صدر میں میری آمد کے ریکارڈ کا جائزہ لیں گے۔

سنتھیارچی نے سابق وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک سے ہونے والی ایک ملاقات کی تصویر بھی پوسٹ کی ہے، سنتھیا رچی نے رحمان ملک کو جھوٹ پکڑنے والی مشین پر بیان دینے کا چیلنج بھی دے دیا  ہے۔

سنتھیا رچی نے کہا ہےکہ کیا رحمان ملک لائے ڈیٹیکٹر  پر ٹیسٹ دیں گے ؟  میں  تو ٹیسٹ کے لیے تیار ہوں۔

امریکی خاتون  نے سابق وفاقی وزیر صحت مخدوم شہاب سے ملاقاتوں کی تصاویر بھی شیئر کی ہیں،سنتھیا رچی کے مطابق یہ دونوں تصاویر 2010 اور 2011 میں مخدوم شہاب سے ملاقاتوں کی ہیں اور ان سے  پہلی ملاقات این جی او کی سربراہ فرحانہ سواتی نےکرائی تھی۔

خیال رہے کہ سنتھیا رچی نے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک پر جنسی زیادتی جب کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور مخدوم شہاب الدین کی جانب سے خودکو ہراساں کرنے کا الزام لگایا ہے۔

پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے سنتھیا رچی کے الزامات کی سختی سے تردید کی گئی ہے اور پیپلز پارٹی نے امریکی خاتون کے خلاف عدالت سے بھی رجوع کرلیا ہے اور رحمان ملک نے انہیں ہرجانے کا نوٹس بھی بھجوایا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ سنتھیا رچی پاکستان میں پہلی بار 9 نومبر 2009 کو آئیں، صرف 3 دن قیام کے بعد 12 نومبر کو کراچی سے ہی واپس روانہ ہوگئیں اس کے بعد  سنتھیا رچی دو مختلف پاسپورٹس پر 52 دفعہ پاکستان آئی ہیں۔  


مزید خبریں :