وفاقی کابینہ نے اسٹیل ملز ملازمین کو گولڈن ہینڈشیک دیکر فارغ کرنے کی منظوری دیدی

وفاقی کابینہ نے پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دے کر فارغ کرنے کی اقتصادی رابطہ کمیٹی  کی تجویز کی منظوری دے دی۔

 وزیرِاعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کااجلاس  ہواجس میں اسٹیل مل کے حوالے سے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کےفیصلے پر تفصیلی غور کے بعد اس کی توثیق کردی گئی۔

یاد رہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 3 جون کے اجلاس میں پاکستان اسٹیل کے 9 ہزار سے زائد ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دے کر فارغ کرنے کی سفارش کی تھی۔

 کابینہ اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہاگیاکہ سالہاسال سے غیر فعال ادارےکاسارا بوجھ عوام کوبرداشت کرنا پڑتا ہے،موجودہ حکومت کا ایجنڈا اصلاحات  ہے اور اس ایجنڈے کو آگے بڑھانےکی ضرورت ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شوگر کمیشن کی رپورٹ کی روشنی میں شوگر ملز کے خلاف کیسز متعلقہ اداروں کو بھیجنے کی بھی منظوری دے دی گئی۔

کابینہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں ایکشن میٹرکس پر منظوری سے عمل درآمد شروع کیا جاچکاہے،کارروائی کے 3 حصے ہیں، پہلا حصہ سزاؤں اور ریکوری سےمتعلق ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیرِاعظم کی ہدایت پرمسئلہ قومی احتساب بیورو(نیب) کےحوالےکردیاگیا ہے،نیب اپنے قانون کے مطابق 1985سے دی جانے والی سبسڈی کا بھی جائزہ لے گا۔

اجلاس کے دوران وزریراعظم نے ملک کے مختلف حصوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت کی رپورٹس پر نوٹس لیتے ہوئے حکم دیاکہ مصنوعی قلت کاسبب بننے والوں کےخلاف سخت ایکشن لیا جائے۔