10 جون ، 2020
کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں تعلیمی ادارے بھی بند ہیں جس کی وجہ سے آن لائن تعلیم کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔
آن لائن کام کرنے اور پڑھائی کرنے میں بے شمار لوگوں کو مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور اس حوالے سے دنیا بھر سے عجیب و غریب واقعات بھی دیکھنے میں آرہے ہیں۔
حال ہی میں بھارت میں آن لائن کلاس لینے کے دوران انٹرنیٹ کے کمزور سگنلز کی وجہ سے طالبہ دو منزلہ چھت پر چڑھ کر کلاس لینے پر مجبور ہوگئی تھی۔
اب بھارت میں کیمسٹری کی ایک ٹیچر نے آن لائن کلاس لینے کے لیے اپنے موبائل فون کو رکھنے کے لیے ہینگر، کپڑا اور کرسی کی مدد سے ٹرائپوڈ بنا کر کلاس لی جس کے سوشل میڈیا پر خوب چرچے ہورہے ہیں۔
بھارتی ریاست پونے کی کیمسٹری ٹیچر نے اپنے لنکڈ ان اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ بچوں کو آن لائن کلاس دینے کی خاطر اتنی لگن کے ساتھ خود ٹرائپوڈ اسٹینڈ بنا کر اس میں موبائل رکھ کر پڑھا رہی ہیں۔
سوشل میڈیا پر ٹیچر کی اس جگاڑ کو صارفین کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے اور ان کی محنت اور لگن کی تعریف کی جا رہی ہے۔