توشہ خانہ ریفرنس: نوازشریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد: احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں توشہ خانہ کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں سابق وزیراعظم اور پی پی رہنما یوسف رضا گیلانی، عبدالغنی مجید عدالت میں پیش ہوئے جب کہ آصف زرداری اور نوازشریف عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

دورانِ سماعت نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی اور تفتیشی افسر نے نوازشریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

عدالت نے دفترخارجہ کو برطانیہ میں پاکستانی سفارتخانےکے ذریعے وارنٹس کی تعمیل کا بھی حکم دیا۔

عدالت نے سابق صدر آصف زرداری کی آج حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کرلی اور انہیں بلاول ہاؤس کراچی کے پتے پر دوبارہ طلبی کے نوٹس جاری کردیے۔

اس موقع پر یوسف رضا گیلانی نے حاضری سے مستقل استثنا کی درخواست دائر کی جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ کورونا کی وجہ سے بار بار پیش ہونا مشکل ہے، کئی ارکان پارلیمنٹ کورونا کا شکار ہوچکے ہیں لہٰذا استثنا دیا جائے۔

عدالت  نے یوسف رضا گیلانی کی مستقل حاضری سے استثنا کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کردیے۔

مزید خبریں :