Time 11 جون ، 2020
کاروبار

ملک کے مختلف شہروں میں عوام کو پیٹرول کی تلاش

ملک کے مختلف شہروں میں عوام کو گیارہویں روز  بھی پیٹرول کی تلاش ہے اور جہاں پیٹرول دستیاب ہے وہاں پر شہریوں کی طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں۔

  حکومت عوام کو سستے پیٹرول کی فراہمی میں ناکام ہے اور یکم جون کو پیٹرول کی قیمت کم ہونے کے بعد سے عوام کو فائدے کے بجائے خواری اور شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

بڑی تعداد میں بند پیٹرول پمپس آج بھی نہ کھلے جس کے باعث کراچی،لاہور، پشاور، ملتان، سرگودھا اور گجرات سمیت کئی شہروں میں عوام پریشان رہے جب کہ ملتان، ٹھٹھہ ،پڈعیدن، غذر، لوئر دیر اور سوات میں بھی بیشتر پمپس بند رہے۔

ملک کے مختلف شہروں میں پیٹرول پمپس پر  لمبی قطاریں ہیں اور طویل انتظار کے بعد بھی محدود مقدار میں پیٹرول دیا جارہا ہے۔

دوسری جانب پشاور ہائی کورٹ  میں  پیٹرول اور آٹا بحران سے متعلق نوٹس پر سماعت کے دوران وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم عمرایوب پیش ہوئے اور  عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ  اگلے 3 روز میں بحران ختم  ہوجائے گا۔

اس کے علاوہ لاہور ہائی کورٹ میں  پیٹرولیم مصنوعات کی عدم دستیابی کے خلاف دائر درخواست سماعت کے لیے منظور ہوگئی ہے اور  چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس قاسم خان کل سماعت کریں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد سے ملک بھر میں پیٹرول کا بحران پیدا ہوگیا ہے اور حکومت اب تک اس مسئلے کو حل کرنے میں ناکام ہے۔

 وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے تحقیقات کا آغاز کردیا  ہے اور گذشتہ روز  ایف آئی اے نے دیگر متعلقہ اداروں کے ہمراہ کیماڑی آئل فیلڈ پر نجی تیل کمپنی کے ڈپو پر چھاپہ مارا تھا جہاں تیل کا بڑا ذخیرہ موجود تھا۔

ذرائع کے مطابق نجی کمپنی جان بوجھ کر تیل سپلائی نہیں کر رہی تھی، نجی کمپنی کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کردیا گیا ہے جبکہ مقدمے کے اندراج کے لیے ضلعی انتظامیہ کو بتا دیا گیا۔

مزید خبریں :