ولی خان بابر کا اصل قاتل تو لندن بیٹھا ہے ،فواد چوہدری

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کاکہنا ہے کہ  اگرچہ جیو نیوز کے رپورٹر ولی خان بابر کا اصل قاتل تو لندن بیٹھا ہے لیکن آلہ کار کی گرفتاری نے یاد کرایا کہ کراچی پر کیسا مافیا راج کرتا تھا۔

اپنی ایک ٹوئٹ میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ  آج کا کراچی اُس جبر کے شکار کراچی کے مقابلے میں جنت ہے، کراچی نے بہت لہو دیکھا ہے۔

وفاقی وزیر نے مطالبہ کیاکہ برطانیہ کو پاکستان کےمجرم حوالے کرنے چاہئیں تاکہ اصل شیطان انجام کو پہنچیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن اور وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ جیو نیوز کے پورٹر ولی خان بابر کے اصل قاتل کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ جیو نیوز کے کرائم رپورٹر ولی بابر کو 13 جنوری 2011ء کو دفتر سے واپس گھر جاتے ہوئے لیاقت آباد میں شہید کردیاگیا تھا۔

غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات میں ملزم کامران عرف ذیشان شانی کا کہنا ہےکہ ولی بابرکو اس لیے قتل کیا کہ وہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) مخالف خبروں پرکام کرتا تھا اور بانی متحدہ کی سابقہ اہلیہ کا انٹرویو بھی کرنا چاہتا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملزم کامران واردات کے بعد سے اپنے ٹھکانے بدلتا رہا ہے اور ملزم نائن زیرو پر بھی رہا ہے جس نے دوران تفتیش 4 افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کامران عرف ذیشان شانی کو مشترکہ کارروائی میں گرفتار کیا گیا اور وہ ولی بابر قتل کیس میں مفرور تھا جسے خصوصی عدالت نے مارچ 2014ء میں غیر حاضری میں سزائے موت سنائی تھی۔

مزید خبریں :