Time 16 جون ، 2020
پاکستان

پیٹرول کی قلت پر معاون خصوصی پیٹرولیم کا انوکھا مؤقف کابینہ ارکان نے مسترد کردیا

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر کا کہنا ہے کہ لوگوں نے گھروں یا غیرقانونی پٹرول پمپس پر پیٹرول ذخیرہ کرلیا ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزراء نے پیٹرول بحران پر تحفظات کا اظہار کیا جب کہ معاون خصوصی ندیم بابر  وزیراعظم اورکابینہ ارکان کے تحفظات دورکرنے میں ناکام رہے۔

ذرائع کے مطابق ندیم بابر کا کہنا تھا کہ ملک میں پیٹرول کے حوالے سے چھوٹی سطح کی 10 ہزار ایجنسیاں موجود ہیں، لوگوں نے گھروں یا غیرقانونی پیٹرول پمپس پر پیٹرول ذخیرہ کرلیا ہے۔

وفاقی کابینہ کے ارکان نے پیٹرول کی قلت کے بارے میں ندیم بابر کا مؤقف مسترد کردیا، کابینہ ارکان کا کہنا تھا کہ اتنےبڑے پیمانے پرپیٹرول کی قلت چھوٹی سطح پر ذخیرہ اندوزی سے نہیں ہوسکتی۔

ذرائع کے مطابق کابینہ ارکان کا کہنا تھا کہ تین دن میں پیٹرول کا بحران ختم نہیں ہوسکا تو اب نیا مؤقف سامنے لے آئے ہیں۔

کابینہ اجلاس میں وزیراعظم نے کورونا کی وبائی صورت حال کو بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کوروناریلیف ٹائیگر فورس کو ملک بھر میں متحرک کرنےکاحکم دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے ہرشہر اورگلی محلے میں ٹائیگر فورس کی خدمات لینے کی ہدایت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ انتظامیہ کی مددکے لیے ٹائیگر فورس کو یونین کونسل سطح پر متحرک کیا جائے۔

قومی الیکٹرک وہیکل پالیسی کی باضابطہ منظوری 

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے پہلی قومی الیکٹرک وہیکل پالیسی کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔

 وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم  نے کابینہ کو بریفنگ میں بتایا کہ ملک میں،موٹرسائیکل،رکشہ، بسیں اور ٹرکس بجلی پر منتقل  کی جائیں گی اور پہلے مرحلے میں 5 لاکھ وہیکل بجلی پرمنتقل ہوں گی۔

وزیر اعظم نے 21 ویں صدی کی سواری پاکستان میں جلد لانےکی پالیسی کی تعریف  کرتے ہوئے  بجٹ اجلاس کے دوران ہی الیٹکرک وہیکل پالیسی کوبجٹ کا حصہ بنانے کی ہدایت کردی۔

ذرائع کے مطابق کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں سمیت 5 نکاتی ایجنڈے کی بھی منظوری دے دی۔

وزیر اعظم کا ادویات تیارکرنے کے لائسنس جاری کرنے کاحکم

اس کے علاوہ اجلاس میں وزیر اعظم  نے ادویات مقامی طور تیارکرنے کے لائسنسز جاری کرنے کا بھی حکم دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ زیادہ سے زیادہ لائسنس جاری کیے جائیں تاکہ لوگ ادویات بناسکیں، انہوں نے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی ادویات سستی کرنے کا بھی حکم دیا۔

مزید خبریں :