17 جون ، 2020
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ماضی میں اقتدار میں رہنے والی قیادت نے عوامی خدمت نہیں کی، انہوں نے صرف اپنے ذاتی مفاد کی خاطر اقتدار کا استعمال کیا۔
وزیر اعظم کے دورہ کراچی کے موقع پر اتحادی جماعتوں کے وفد نے ان سے ملاقات کی، وفد میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور تحریک انصاف سندھ کے رہنما بھی شامل تھے۔
ملاقات میں اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں نے سندھ میں ترقیاتی کاموں اور انتظامی اصلاحات پر تجاویز بھی پیش کیں۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) اور اتحادیوں کا ایجنڈا کرپشن کا خاتمہ اور غربت میں کمی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں اقتدار میں رہنے والی قیادت نے عوامی خدمت نہیں کی اور صرف ذاتی مفاد کی خاطر اقتدار کا استعمال کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ سمیت تمام صوبوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کررہی ہے،انتظامی اصلاحات اور نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی سے ترقی ممکن ہوگی۔