27 جنوری ، 2020
میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ اجارہ داری سب چاہتے ہیں مگر شہر میں کام کوئی نہیں کرانا چاہتا، وزیراعظم کراچی کے مسائل حل کروا کر اسلام آباد جائیں۔
میئر کراچی وسیم اختر کورنگی نمبر ڈیڑھ پر سڑک کی استرکاری کا جائزہ لینے پہنچے تو شہریوں نے مسائل کے حل کے لیے احتجاج کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اختر کا کہنا تھا کہ اب میٹنگ نہیں کراچی کے لوگ بس کام چاہتے ہیں، اگر فنڈ ہوتے تو نہ وزیراعظم کو کہتے نہ وزیراعلیٰ سے کہتے۔
انہوں نے کہا کہ شہرپر اجارہ داری سب چاہتے ہیں مگرکام کوئی نہیں کرانا چاہتا۔
وسیم اختر نے وزیراعظم عمران خان سے درخواست کی کہ وہ کراچی کے مسائل حل کروا کراسلام آباد جائیں۔
میئر کراچی کا مزید کہنا تھا کہ بلدیہ کراچی (کے ایم سی) کے کاموں میں رخنہ اندازی کی جاتی ہے لیکن ہم گبھرانے والے نہیں کام کرتے رہیں گے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان اس وقت کراچی کے دورے پر موجود ہیں، اس دوران انہوں نے گورنرسندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ سے ملاقات کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم سے آئی جی سندھ کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا اور کلیم امام کی فوری تبدیلی کی درخواست کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دورے کے دوران وزیر اعظم کو کراچی پیکیج سمیت وفاقی منصوبوں پر بھی بریفنگ دی جائے گی، اس کے علاوہ عمران خان گورنر ہاؤس میں کامیاب نوجوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو قرض دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے عمران خان کے دورے میں ناراض متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کو نظر انداز کر دیا گیا ہے۔ ایم کیو ایم نے بھی تصدیق کی ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے ملاقات کا کوئی دعوت نامہ موصول نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ میئر کراچی وسیم اختر کا تعلق بھی متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سے ہے۔