وزیر اعظم عمران خان سندھ کے دو روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے

وزیراعظم عمران خان سندھ کے دو روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے۔

وزیراعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ملاقات کی جس میں وفاقی حکومت کے کراچی میں جاری ترقیاتی کاموں پر گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر علی زیدی بھی موجود تھے۔ 

دورے پر وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وفاقی وزراء علی زیدی، محمد میاں سومرو، معاونین ڈاکٹر ثانیہ نشتر، لیفٹیننٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ اور چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل بھی ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم منگل کی رات کراچی میں قیام کریں گے اور اس دوران گورنر ہاؤس کے احاطے میں قائم کورونا مریضوں کے لیے موبائل اسپتال کا معائنہ کریں گے۔

دورے کے دوران وزیراعظم  تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کے اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں سندھ میں کورونا کی وبا، احساس ایمرجنسی کیش اور عوامی مشکلات پربات ہوگی۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم سے بدھ کی صبح پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کے علاوہ ایم کیو ایم پاکستان اور جی ڈی اے کا وفد بھی ملاقات کرے گا۔

وزیر اعظم عمران خان بدھ کی دوپہر لاڑکانہ پہنچیں گے جہاں احساس پروگرام سینٹر کے دورے کے علاوہ سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ 

بعدازاں وزیر اعظم بدھ کو ہی لاڑکانہ سے واپس اسلام آباد چلے جائیں گے۔ 

وزیراعظم عمران خان کی وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات شیڈول نہیں ہے۔

مزید خبریں :