دنیا
Time 17 جون ، 2020

بھارت امن چاہتا ہے لیکن اُکسانے پر جواب دینے کی اہلیت بھی رکھتا ہے: مودی

قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ ہمارے جوانوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، قوم کو فخر ہوگا کہ ہمارے جوان مارتے مارتے مرے ہیں: نریندر مودی— فوٹو:فائل

چین بھارت کشیدگی پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت امن چاہتا ہے لیکن اُکسانے پر جواب دینے کی اہلیت بھی رکھتا ہے۔

لداخ میں چینی فوجیوں کے ہاتھوں بھارتی فوجیوں کی ہلاکت پر مودی حکومت کو اپوزیشن اور عوام کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا ہے۔

بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے واقعے کے بعد بھارتی وزیراعظم نے قوم سے خطاب کیا جس میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ ہمارے جوانوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، قوم کو فخر ہوگا کہ ہمارے جوان مارتے مارتے مرے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے ملکی اتحاد اور خود مختاری اولین اہمیت رکھتی ہے، بھارت امن چاہتا ہے لیکن کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی کا جواب دینے کی اہلیت بھی رکھتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ بھارت اپنی ہر ایک انچ زمین کی حفاظت کرے گا، ہم نے دنیا میں امن کو عام کیا اور پڑوسیوں کے ساتھ دوستانہ طریقے سے کام کیا، ہمیشہ ان کی ترقی اور فلاح وبہبود کا عزم کیا ہے۔

نریندر مودی نے آل پارٹیز کانفرنس طلب کرلی

دوسری جانب چین کے ساتھ کشیدہ صورتحال پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے آل پارٹیز اجلاس طلب کرلی۔

بھارتی وزیراعظم ہاؤس کے مطابق آل پارٹی اجلاس 19 جون کو شام 5 بجے بلایا گیا ہے، ورچوئل اجلاس میں مختلف جماعتوں کے سربراہ شرکت کریں گے۔

اُدھر چینی وزارت خارجہ نے کہا  ہے کہ لداخ کی وادی گلوان ہمیشہ سے چین کا حصہ رہی ہے، بھارت لائن کراس نہ کرے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس معاملے کا صحیح غلط سب واضح ہے، بھارتی فوجیوں نے سرحدی پروٹوکول کی سنگین خلاف ورزیاں کی ہیں، بھارت اپنےفوجیوں کی اشتعال انگیز کارروائیوں کو روکے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز چین اور بھارت کے درمیان متنازع سرحدی علاقے لداخ میں چینی افواج سے جھڑپوں میں بھارتی فوج کے کرنل سمیت 20 فوجی مارے گئے تھے۔

مزید خبریں :