18 جون ، 2020
اسلام آباد: حکومت نے ناراض اتحادی جماعت بی این پی مینگل کو منانے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر حکومتی مذاکراتی کمیٹی بی این پی مینگل سے رابطہ کرے گی اور ان کے تحفظات دور کیے جائیں گے جب کہ 6 نکاتی معاہدے پر عملدرآمد ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیراعظم نے مذاکراتی کمیٹی کو رابطے کی ہدایت کردی، گزشتہ روز شبلی فراز کا بھی بی این پی مینگل سے رابطہ ہوا تھا، حکومتی کمیٹی میں پرویز خٹک ، شاہ محمود قریشی، شفقت محمود اور شبلی فراز شامل ہیں۔
دوسری جانب بی این پی مینگل اوراتحادیوں کے خدشات پر وزیراعظم نے آج ہنگامی مشاورتی اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں وفاقی وزرا اور پی ٹی آئی رہنما شریک ہوں گے، اجلاس میں بی این پی کے مطالبات پر اب تک ہونی والی پیشرفت پر وزیراعظم کو آگاہ کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ اجلاس میں وزیراعظم پارٹی رہنماؤں کو ہدایات بھی جاری کریں گے اور وزیراعظم کی ہدایت پر مذاکراتی کمیٹی بی این پی سے رابطہ کرے گی۔