Time 18 جون ، 2020
پاکستان

پی سی بی نے ڈومیسٹک کھلاڑیوں اور کوچز کے کنٹریکٹ میں ایک ماہ کی توسیع کردی

سیزن 20-2019ء میں پی سی بی نے 192 ڈومیسٹک کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ کی پیش کش کی تھی جس میں سے 186 کھلاڑیوں نے معاہدے قبول کرلیے تھے،فوٹو:فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تمام ڈومیسٹک کرکٹرز اور کوچز کے معاہدے میں ایک ماہ کی توسیع کردی ہے۔

پی سی بی کے مطابق  30 جون کو ختم ہونے والے کنٹریکٹ میں 31 جولائی تک توسیع کی گئی ہے اور تمام کھلاڑیوں اور کوچز کا 12 ماہ پر مشتمل آئندہ سالانہ معاہدہ یکم اگست سے شروع ہوگا۔

معاہدوں میں توسیع کا فیصلہ شعبہ ہائی پرفارمنس کی جانب سے کیا گیا ہےجو کہ ان دنوں تمام ڈومیسٹک کوچز کی کارکردگی کا جائزہ لے رہا ہے، یہ عمل آئندہ ماہ کے آغاز میں مکمل ہوجائے گا جس کے بعد 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کے حتمی اسکواڈز کا اعلان جولائی کے آخر میں کردیا جائے گا۔

سیزن 20-2019ء میں پی سی بی نے 192 ڈومیسٹک کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ کی پیشکش کی تھی جس میں سے 186 کھلاڑیوں نے معاہدے قبول کرلیے تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ہائی پر فارمنس ندیم خان کا کہنا ہے کہ ایک جامع اور  وسیع ترین عمل کے تحت تمام کوچز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جارہا ہے، کارکردگی جانچنے کا یہ عمل تین مختلف حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جس میں خود اپنا محاسبہ، انٹرویوز، کھلاڑیوں اور ساتھی کوچز کی آراء شامل ہیں۔

ندیم خان نے کہا کہ پیشہ ور افراد کی کارکردگی جانچنے کا یہ ایک جدید طریقہ کار ہے، ہم ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین دستیاب کوچز لگانے کے خواہش مند ہیں تاکہ وہ ہمارے کھلاڑیوں کی کارکردگی میں نکھار لانے کے ساتھ ساتھ ڈومیسٹک کرکٹ کے معیار میں بھی بہتری لانے کا سبب بنیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جیسے ہی تمام کوچز کی کارکردگی جانچنے کا یہ طریقہ کار مکمل ہوجائے گا ہم 6 کوچز کے ساتھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی ٹیموں کی تشکیل کے عمل کا آغاز کردیں گے۔

 ندیم خان نے کہا کہ وہ پرامید ہیں کہ یہ تمام عمل جولائی کے آخر میں مکمل ہوجائے گا اور ڈومیسٹک کرکٹ کا آئندہ سالانہ کنٹریکٹ یکم اگست سے نافذ العمل ہوگا۔

ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث بدلتی صورت حال اور اپنے کھلاڑیوں اور عہدیداران کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر یہ کہنا ابھی قبل ازوقت ہوگا کہ ڈومیسٹک سیزن 21-2020ء کا آغاز کب ہوگا تاہم اب محدود وقت پر مشتمل نوٹس پر بھی آئندہ سیزن کے آغاز کے لیے تیار رہیں گے۔

مزید خبریں :