Time 20 جون ، 2020
پاکستان

حکومت میں واپس جانا اب میرے بس میں نہیں: اختر مینگل

بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی-مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل کا کہنا ہے کہ صوبے کے مسائل حل کردیں تو پورا بلوچستان تحریک انصاف میں شامل ہوجائے گا۔

اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی)  کے زیراہتمام بلوچستان کے حوالے سے  کل جماعتی کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں مختلف سیاسی جماعتوں نے شرکت کی۔

کانفرنس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار اختر مینگل کا کہنا تھا کہ  حکومت میں جانا اب میرے بس میں نہیں، حکومت سے علیحدگی پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا فیصلہ ہے جو فرد واحد کا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ کسی نے ایوان میں حکومت سے لاتعلقی کا اعلان کیا ہو، ہم پہلے بھی حکومت کو وارننگ دیتے رہے ہیں۔

سربراہ بی این پی کا کہنا تھا کہ حکومت واقعی سنجیدہ ہے تو بلوچستان کے مسائل کو حل کرے، بلوچستان کے مسائل حل کردیں تو بی این پی ہی نہیں پورا بلوچستان تحریک انصاف جوائن کرلے۔

اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ قومی مالیاتی کمیشن(این ایف سی) ایوارڈ میں کسی کمی کو قبول نہیں کیا جائےگا۔

مولانافضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک میں غیر آئینی اور غیر قانونی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہیں، حکومت کورونا وائرس کو روکنے میں ناکام ہے۔

خیال رہے کہ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل نے حکومتی اتحاد سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا اور جمہوری وطن پارٹی نے بھی اتحاد سے علیحدگی پر غور شروع کردیا ہے۔

واضح رہے کہ بی این پی کی علیحدگی سے قبل تحریک انصاف کی حکومت کو قومی اسمبلی میں تمام اتحادیوں کی سپورٹ کے بعد 186 نشستیں حاصل تھی جو اب بی این پی کی حکومت سے دستبرداری کے بعد 182 رہ گئی ہیں جب کہ حکومت برقرار رکھنے کے لیے 172 ارکان کی سادہ اکثریت درکار ہوتی ہے جو اب بھی برقرار ہے۔

مزید خبریں :