Time 22 جون ، 2020
پاکستان

صوبے اگر مجھ سے پوچھ لیتے تو کبھی مکمل لاک ڈاؤن نہ ہونے دیتا: وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اب تک سمجھ نہیں آیا کہ سندھ میں چھابڑی والوں کو کیوں بند کردیا، اگرصوبے مجھ سے پوچھ لیتے تو کبھی ایسا لاک ڈاؤن نہ ہونے دیتا۔ 

تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم کے فنڈنگ کے جذبے کو سمجھتا ہوں، شوکت خانم اسپتال کے لیے عام عوام نے فنڈ دیا، پاکستان میں 30 سال میں سب سے زیادہ فنڈ میں نے اکٹھا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام چندہ دینے والی قوموں میں سب سے آگے ہے، زلزلہ آیا تو سب لوگ چندہ دینے بالاکوٹ جارہے تھے۔

ان کا کہنا ہے کہ یورپ کودیکھتے دیکھتے پاکستان میں لاک ڈاؤن کردیا گیا، یورپ اور پاکستان کے حالات میں بہت فرق ہے، مجھ سے اگر صوبے پوچھ لیتے تو کبھی ایسا لاک ڈاؤن نہ کرنے دیتا، بڑی تنقید ہوئی لیکن شکر ہے میری بات سن لی۔

لاڑکانہ کے دورے کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ مستحقین میں پیسے کی تقسیم کرنے کے لیے لاڑکانہ گیا تو دیکھا کوئی ترکھان ہے تو کوئی درزی، لاڑکانہ میں 20 فیصد چھابڑی والے تھے، سمجھ نہیں آئی چھابڑی والوں کو کیوں بند کیا گیا؟

انہوں نے مزید کہا کہ کورونا ریلیف فنڈز سے مستحقین کو رقم دے جارہی ہے، مختصر وقت میں اتنی بڑی رقم شفاف طریقے سے لوگوں میں بانٹی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگلا مہینہ مشکل ہے اور اسمارٹ لاک ڈاؤن کرنا ہے، غریب عوام کو بھوک اور افلاس سے بھی بچانا ہے۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے باعث اموات اور کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اب تک 3600 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 82 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

مزید خبریں :