22 جون ، 2020
تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے کہ ماضی کی تمام مشترکہ تحقیقاتی ( جے آئی ٹی) رپورٹس عام ہونی چاہئیں، ایسا کیا ہے جو پیپلز پارٹی جے آئی ٹی رپورٹس چھپانا چاہتی ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی زیدی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری جمہوریت کے علم بردار بننے کی کوشش کرتے ہیں، پیپلز پارٹی جے آئی ٹی رپورٹ روک کر قومی مفاد کے خلاف کام کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سمجھ نہیں آتی یہ لوگ جے آئی ٹیز کیوں چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں، ماضی کی جے آئی ٹی رپورٹس عام ہونی چاہئیں۔
علی زیدی کا کہنا تھا کہ میں نے سندھ حکومت کے خلاف پٹیشن دائر کی ہے، جے آئی ٹی پبلک کرنے کے لیے کیس لڑوں گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز میں سندھ ہائی کورٹ میں سانحہ بلدیہ، لیاری گینگ وار کے عزیر بلوچ اور پیپلز پارٹی کے رہنما نثارمورائی کی جے آئی ٹی رپورٹس پبلک نہ کرنے سے متعلق وفاقی وزیر بحری امور کی جانب چیف سیکرٹری سندھ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی تھی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ سندھ ہائی کورٹ نے جنوری میں تینوں اہم جے آئی ٹیز پبلک کرنے کا حکم دیا تھالیکن عدالتی حکم کے باوجود چیف سیکرٹری سندھ نے تینوں اہم جے آئی ٹیز کی رپورٹ پبلک نہیں کیں۔
علی زیدی کی درخواست پر سندھ ہائی کورٹ نے چیف سیکرٹری سندھ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کل یعنی 23 جون کو جواب طلب کیا ہے۔