Time 22 جون ، 2020
کھیل

دورہ انگلینڈ کیلئے منتخب 3 کھلاڑی کورونا وائرس میں مبتلا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تصدیق کی ہے کہ آل راؤنڈر شاداب خان، حیدر علی اور حارث رؤف کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے ہیں۔

بورڈ کے مطابق متاثرہ کھلاڑیوں کا ٹیسٹ اتوار کو ہوا تھا اور ٹیسٹنگ سے قبل تینوں کھلاڑیوں میں کورونا  کی کوئی علامات نہیں پائی گئی تھیں۔

تینوں کھلاڑیوں کو فوری طور پر سیلف آئسولیشن میں جانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

بورڈ نے بتایا کہ پی سی بی کا میڈیکل پینل اس سلسلے میں تینوں کھلاڑیوں سے مکمل رابطے میں ہے۔

خیال رہے کہ تینوں کرکٹرز دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستان کے اسکواڈ میں شامل ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ عثمان شنواری اور عماد وسیم کا ٹیسٹ منفی آیا ہے جس کے بعد دونوں کھلاڑیوں کو 24 جون کو لاہور پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ شعیب ملک، کلف ڈیکن اور وقار یونس سمیت اسکواڈ میں شامل دیگر تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ٹیسٹ آج مکمل کرلیے گئے ہیں۔

اسکواڈ میں شامل ان اراکین کے ٹیسٹ چار مختلف شہروں، راولپنڈی، لاہور، کراچی اور پشاور میں لیے گئے۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ میں 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلنی ہے۔ سیریز اگست اور ستمبر میں شیڈول ہے۔

‏ دورے کیلئے 29 کھلاڑیوں اور 14 رکنی ٹیم منیجمنٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔ کووڈ 19 کی وجہ سے اسکواڈ ایک ساتھ جائے گا اور موجودہ صورتحال کی وجہ سے اسکواڈ بڑا رکھا گیا ہے۔ 

اسی لیے کرکٹرز اور اسٹاف کے کورونا ٹیسٹ ملک کے مختلف شہروں میں رکھے گئے تھے جہاں آج کھلاڑیوں اور دیگر اسٹاف کے ٹیسٹ مکمل کرلیے گئے ہیں۔

مزید خبریں :