دنیا
Time 23 جون ، 2020

امریکی صدر نے گرین کارڈ اور غیر ملکیوں کو ورک ویزا کے اجراء پر پابندی لگادی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گرین کارڈ کے اجراء اور غیر ملکی ملازمین کو ورک ویزا جاری کرنے  پر عارضی پابندی لگادی جو رواں سال کے آخر تک عائد رہے گی۔

نئے حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ مخصوص کیٹیگری میں جاری ہونے والے ورک ویزوں کا اجراء روک دیا گیا ہے جب کہ اس حکم نامے سے لاکھوں غیر ملکی ملازمین متاثر ہوں گے۔

رپورٹس کے مطابق ایچ ون بی کیٹیگری میں ٹیکنالوجی فرمز میں کام کرنے والے اور دیگرغیر ملکی ملازمین متاثر ہوں گے۔

امریکی صدر کی جانب سے یہ پابندی رواں سال کے اختتام تک عائد کی گئی ہے۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس کا اس اقدام پر کہنا ہے کہ امریکا کی معیشت بحال کرنے کے لیے مقامی افراد کو روزگار دیا جائے گا۔

پریس بریفنگ میں انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ نئی پالیسی سے 5 لاکھ 25 ہزار افراد جب کہ گرین کارڈ جاری کرنے کی مدت میں توسیع سے ایک لاکھ 70 ہزار افراد متاثر ہوں گے۔

امریکی صدر کے اس فیصلے سے ایچ ون بی کیٹیگری ویزے پر ٹیکنالوجی فرمز میں کام کرنے والے بھارتی سب سے زیادہ متاثر ہوں گے جب کہ پابندیوں کا اطلاق ایچ ٹو بی ویزا رکھنے والوں پر بھی ہوگا۔

اس سے مہمان نوازی سے منسلک شعبوں (فضائی میزبانی، ہوٹلنگ، کیٹرنگ وغیرہ) میں ملازمت کرنے والے افراد، فوڈ انڈسٹری اور صحت سے منسلک افراد بھی متاثر ہوں گے۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کورونا وائرس کو بنیاد بناکر امیگریشن کے حوالے سے قوانین کو سخت کررہی ہے۔

خیال رہے کہ 21 اپریل کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے عارضی طور پر امریکا میں امیگریشن پر مکمل پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اپنے ایک ٹوئٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ 'میں نادیدہ دشمن (کورونا وائرس) کے حملے سے بچنے اور اپنے عظیم امریکی شہریوں کی ملازمتوں کے تحفظ کے لیے امیگریشن پر عارضی پابندی عائد کرنے کے حکم نامے پر دستخط کرنے جارہاہوں'۔

ان کاکہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث امریکا میں 2کروڑ 20لاکھ افراد بےروزگار ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :