وزیراعظم نے اسامہ بن لادن کو شہید قرار دے دیا

وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی میں ایبٹ آباد واقعے کا ذکر کرتے ہوئے اسامہ بن لادن کو شہید قرار دے دیا۔

وزیراعظم کے بیان پراپوزیشن نے شدید تنقید کی ہے۔ ن لیگ کے رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ جو شخص ہماری سرزمین پر دہشتگردی لایا وزیراعظم نے اُسے شہید کہا، وہ اول و آخر دہشتگرد ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے ترجمان مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ اسامہ بن لادن کو شہید قرار دے کر عمران خان قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکے ہیں ۔

اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گِل نے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعظم نے تقریر میں اسامہ بن لادن کےلیے دو دفعہ ہلاک کا لفظ استعمال کیا، کچھ لوگ اپنے مقاصد کےلیے غیر ضروری طور پر بیان کو متنازع بنا رہے ہیں۔

شہباز گل نے کہا کہ  وزیر اعظم اور پاکستان کا دہشت گردی کے خلاف عزم غیر متزلزل ہے، دہشت گردی کے خاتمے کیلیے پاکستان کاٹریک ریکارڈ دنیامیں سب سے بہتر ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم کا قومی اسمبلی سے اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ 'پاکستان کی تاریخ میں شرمساری کے دو واقعات ہوئے ،امریکا نے ایبٹ آباد میں آکر اسامہ بن لادن کو شہید کردیا،اس واقعے کی وجہ سے دنیا بھر میں لعن طعن ہوئی،دوسری شرمندگی پاکستان میں ڈرون حملے تھے،ہمارا اتحادی پاکستان میں اسامہ کو مارتا بھی ہے اور ہم پرتنقید بھی کرتاہے'۔

مزید خبریں :