21 جون ، 2020
بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی-مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل کا کہنا ہے کہ جس دن ہم حزب اختلاف میں آگئے تو صحیح اپوزیشن کرکے چلائیں گے۔
اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اختر مینگل کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سے ذاتی تعلق ہے، جے یو آئی کے ساتھ بلوچستان میں اپوزیشن میں ہیں۔
اخترمینگل سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ اپوزیشن کا حصہ بن گئے ہیں؟ جس پر ان کا کہنا تھا کہ بات چیت چل رہی ہے، اپوزیشن کے ساتھ نزدیکیاں بڑھ رہی ہیں۔
اختر مینگل کا کہنا تھا کہ جس دن ہم اپوزیشن میں آگئے تو صحیح اپوزیشن کرکے چلائیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے حکومتی اتحاد سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا، حکومت کی جانب سے اختر مینگل کو منانے کی بھی کوشش کی جارہی ہے تاہم حکومت اب تک اس میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے۔
اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم نے اختر مینگل کو خوش آمدید کہا ہے، بی این پی کے فیصلے نے امید کی کرن پیدا کی ہے اور یہ فیصلہ تحریک انصاف کی دیگر اتحادی جماعتوں کے لیے بھی قابل تقلید ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت کی دیگر اتحادی جماعتوں کو بھی اب بے باک انداز میں کلمہ حق کہہ دینا چاہیے، ضمیرکے خلاف کسی کی پیروکاری کرنا عزت رکھنے والے پاکستانی کی شایان شان نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امید ہے اختر مینگل حکومت کی دیگر اتحادی جماعتوں کو قائل کریں گےکہ یہ وقت حکومت کا ساتھ دینےکا نہیں ہے، ملک اس وقت ڈوب گیا ہے، جب آپ کا بجٹ منفی میں چلاجائے تو اس سےحکومت کی مقبولیت بھی منفی میں چلی جاتی ہے۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ کارکردگی کی بنیاد پر موجودہ حکمرانوں کی مقبولیت زمین بوس ہوگئی ہے، موجودہ حکمرانوں کو اب مزید مسلط ہونے کا حق نہیں، حکمرانوں کو اپنی ناکامی تسلیم کرکے فوری مستعفی ہوجانا چاہیے۔