Time 30 جون ، 2020
پاکستان

راجا پرویز اشرف پیراں غائب رینٹل پاور ریفرنس میں بھی بری

اسلام آباد: احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم و وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی راجا پرویز اشرف سمیت 8 ملزمان کو پیراں غائب رینٹل پاور  ریفرنس میں بری کردیا۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے پیراں غائب رینٹل پاور ریفرنس میں بریت کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے راجا پرویزاشرف اور شوکت ترین سمیت 8 ملزمان کی بریت کی درخواستیں منظور کیں۔ؒ

پیراں غائب ریفرنس نیب راولپنڈی کی جانب سے 2014 میں دائر کیا گیا تھا، راجا پرویز اشرف پر بطور وزیرپانی وبجلی کرپشن اوراختیارات کے غلط استعمال کا الزام تھا۔ 

192 میگا واٹ کا رینٹل پاور پلانٹ ملتان کے علاقے پیراں غائب میں لگایا گیا تھا۔ 

عدالت نے بریت کی درخواستوں پر دلائل سننےکے بعد فیصلہ محفوظ کررکھا تھا جو آج سنایا گیا ہے۔

بری ہونے والوں میں راجا پرویز اشرف، اسماعیل قریشی، شاہد رفیع، شوکت ترین، طاہر بشارت چیمہ، محمد سلیم عارف، چوہدری عبدالقدیر اور اقبال علی شاہ شامل ہیں۔

اس سے قبل احتساب عدالت نے رینٹل پاور کے ساہیوال ریفرنس میں بھی ملزمان کی بریت درخواستیں منظور کی تھیں۔

 خیال رہے کہ راجا پرویز اشرف پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی کابینہ میں وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی تھے اور ان پر کرائے کے بجلی گھروں کے منصوبوں میں قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام تھا جن میں سے ایک ریفرنس میں وہ آج بری ہوگئے ہیں۔

راجا پرویز اشرف پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں وزیراعظم بھی رہے ہیں جنہیں یوسف رضا گیلانی کی سبکدوشی کے بعد وزیراعظم بنایا گیا تھا۔

مزید خبریں :