مالی سال 20-2019 کا ٹیکس ہدف حاصل کرلیا ہے، ایف بی آر

ایف بی آر کے مطابق اس سال جمع شدہ ٹیکسز کی رقم ہدف سے 50 ارب زیادہ ہے،فوٹو:فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (آیف بی آر)  نے مالی سال  20-2019ء کا اپنا نظر ثانی شدہ ٹیکس ہدف حاصل کرلیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق ایف بی آر نے اپنے ریونیو اہداف حاصل کرلیے ہیں اور رواں مالی سال کے نظرثانی شدہ3907 ارب روپےکے ہدف کے مقابلے میں ایف بی آر کے جمع شدہ ٹیکسزکی رقم 3957 ارب روپے سے تجاوز کر چکی ہے۔

 ایف بی آر کے مطابق اس سال جمع شدہ ٹیکسز کی رقم ہدف سے 50 ارب زیادہ ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایف بی آر نے تاریخ میں پہلی مرتبہ گراس ریونیو کی مد میں 4 کھرب روپے کا ہدف حاصل کیا ہے جب کہ جون کے  398 ارب روپےکے ہدف کے  مقابلے میں 411 ارب روپے جمع کیے گئے ہیں۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا کہنا ہے کہ کورونا کے باعث ایف بی آر کے 30 سے زائد افراد انتقال کر چکے ہیں جن میں گریڈ 22 کے افسر محمد زاہد کھوکھر بھی شامل ہیں لیکن خطرات کے باوجود ایف بی آر کے تمام اہلکار جانفشانی اور تندہی سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آرکا ٹیکس شارٹ فال ابتدائی طور پر مقررہ ہدف سے 1500 ارب روپے زیادہ رہا ہے کیونکہ مالی سال20-2019ء کے بجٹ میں ایف بی آر کا ٹیکس ہدف 5550 ارب روپے مقرر کیا گیا تھا تاہم  یہ ٹیکس ہدف 4 چار مرتبہ کم کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :