01 جولائی ، 2020
لاہور میں کورونا کیسز میں کمی کے باعث 15 روز قبل مکمل سیل کیے گئے 60 سے زائدعلاقوں کوکھول دیا گیا۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے شہر کے 7 علاقوں میں جاری مکمل لاک ڈاؤن میں مزید 3 روز کی توسیع کردی جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے جب کہ 15 روز قبل مکمل سیل کیے گئے 60 سے زائد علاقوں کو کھول دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گلبرگ،گارڈن ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن،گلشن راوی اور والڈ سٹی کے علاقے 3 جولائی تک مکمل بندرہیں گے، ان علاقوں کو 7 روز قبل بھی مکمل سیل کیا گیا تھا۔
ان علاقوں میں بازار، شاپنگ مالز، پبلک اور پرائیوٹ دفاتر بند رہیں گے جب کہ میڈیکل اسٹورز اور گراسری کی دکانیں پہلے کی طرح کھلی رہیں گے، شہریوں کو بلا اجازت نقل وحرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔
ایس ایس پی آپریشنز فیصل شہزاد کے مطابق لاہور میں کورونا کے ہاٹ اسپاٹ ایریاز قرار دے کر 15 جون کوسیل کیے گئے 60 سے زائد علاقوں کوکیسز میں کمی کے بعد آج سےکھول دیا گیا ہے اور ان علاقوں سے پولیس کی نفری ہٹالی گئی ہے۔
محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کےمطابق صوبے بھرمیں پہلے سے جاری اسمارٹ لاک ڈاؤن 15 جولائی تک جاری رہے گا۔