Time 02 جولائی ، 2020
پاکستان

سنتھیارچی کے خلاف مقدمہ اندراج کی درخواست پر ایف آئی اےکو دوبارہ نوٹس

اسلام آباد: عدالت نے امریکی شہری سنتھیارچی کے خلاف مقدمہ اندراج کی درخواست پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ ہفتے تک جواب طلب کرلیا۔

ایڈیشنل سیشن جج جہانگیراعوان نے ندیم مغل کی مقدمہ اندراج کی درخواست پر سماعت کی جس میں سنتھیا ڈی رچی بھی اپنے وکیل عمران فیروز ملک کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔

دوران سماعت عدالت نے کہا کہ مقدمہ اندراج کی درخواست منظورکرکے ایف آئی اے کو انکوائری کی ہدایت کی تھی مگر ایف آئی اے نے عدالتی نوٹس کے باوجود جواب جمع نہیں کرایا۔

عدالت نے کہا کہ حکم میں لکھا تھا انکوائری میں شواہد ملیں تو مقدمہ درج کیا جائے تاہم کوئی جواب موصول نہیں ہوا لہٰذا ایف آئی اے آئندہ یفتے تک دوبارہ جواب جمع کروائے۔

واضح رہے کہ امریکی شہری سنتھیارچی نےمقدمہ اندراج کی درخواست منظور کرنے کا عدالتی فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا مگر  اسلام آباد ہائی کورٹ نے ماتحت عدالت کا فیصلہ کالعدم قراردینےکی درخواست خارج کردی تھی۔

معاملے کا پسِ منظر

سنتھیا رچی نے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک پر جنسی زیادتی جب کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور مخدوم شہاب الدین پر دست درازی کا الزام لگایا ہے۔

پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے سنتھیا رچی کے الزامات کی سختی سے تردید کی گئی ہے اور پیپلز پارٹی نے امریکی خاتون کے خلاف عدالت سے بھی رجوع کر لیا ہے۔

رحمان ملک کی جانب سے سنتھیا رچی کو 50 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھیجا گیا ہے جب کہ سنتھیا رچی نے یوسف رضا گیلانی کو 12 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا ہے۔

مزید خبریں :