03 جولائی ، 2020
لاہور: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ یہ بات صاف ظاہر ہو چکی ہے کہ پاکستان اور عمران خان ساتھ نہیں چل سکتے۔
بلاول بھٹو زرداری نے بلاول ہاؤس لاہور میں پی پی جنوبی پنجاب کے رہنماؤں سے ویڈیو لنک کے ذریعے ملاقات کی اور اجلاس کی صدارت بھی کی جس میں پی آئی اے کی سی بی اے یونین کے عہدے داروں نے شرکت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نااہل حکومت کو ہر فورم پر بے نقاب کریں گے، 2 سالوں میں عمران خان نے سوائے الزام تراشیوں کے اورکچھ نہیں کیا،عمران خان عوام کے لیے ناقابل برداشت ہوچکے ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ سیکشن 29 کے خاتمے کے لیے سول ایوی ایشن یونین کے ساتھ ہیں، ائیرپورٹس کو سیکیورٹی ادارے بھی استعمال کرتے ہیں، ائیرپورٹس کی فروخت ملک میں سیکیورٹی کو داؤپر لگادے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ وقت آچکا ہےکہ ملک بھرکے مزدور اور ورکرز عمران خان کی فاشسٹ حکومت کے خلاف متحدہوں، حکومت نے اپنی نااہلی کی وجہ سے پی آئی اےکی پروازوں پر عالمی پابندی لگوادی۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان کے اثاثے قوم کی ملکیت ہیں اورقوم اپنی ملکیت کا تحفظ کرےگی، عمران خان کا مقصد صرف اپنےکاروباری دوستوں کےمفادات کا تحفظ ہے، پیپلزپارٹی اقتدار میں آکر ریاستی اداروں کے مزدوروں کو دوبارہ شیئرز دے گی، ریاست کے اداروں کو خریدنے والے خبردار رہیں، پیپلزپارٹی اقتدارمیں آکر فروخت کے فیصلوں کو کالعدم قرار دے گی۔