03 جولائی ، 2020
یورپی یونین ائیر سیفٹی ایجنسی کی جانب سے پی آئی اے کی پروازوں کی معطلی کا اطلاق آج سے ہوگا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق یورپی یونین ائیر سیفٹی ایجنسی نے یورپی ممالک کی پروازوں کے لیے پی آئی اے کا اجازت نامہ 6 ماہ کے لیے معطل کیا ہے جس کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ آج رات سے پی آئی اے کی یورپ کے لیے تمام پروازں کو منسوخ کر دیا جائے گا لہٰذا جن مسافروں کی بکنگ ہے وہ چاہیں تو بکنگ آگے کروالیں یا ریفنڈ حاصل کرسکتے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ جعلی لائسنس پر پائلٹس کے پروازیں آپریٹ کرنے پر یورپین یونین کی جانب سے پابندی لگائی گئی ہے، یورپین یونین نے حکومت پاکستان سے پائلٹس کی لسٹ طلب کی ہے۔
ترجمان قومی ائیرلائن نے مزید کہا کہ یورپین فضائی سیفٹی کے ساتھ رابطے میں ہیں اور خدشات دور کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، حکومتی اور انتظامیہ کے اقدامات کے باعث معطلی جلد ختم ہونے کی امید ہے۔
واضح رہے کہ یورپی یونین ائیر سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے میں پائلٹس کے جعلی لائسنس کا معاملہ سامنے آنے پر 30 جون کو پی آئی اے کی یورپی ممالک کے لیے پروازوں کو معطل کیا تھا تاہم حکومتی کاوشوں سے پابندی کو عارضی معطل کرتے ہوئے 3 جولائی تک پروازیں چلانے کی اجازت دی گئی ہے جو آج رات ختم ہورہی ہے۔